Monday , December 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بنگلورشہر میں روزانہ تین گھنٹے بجلی کٹوتی کا شیڈول جاری

بنگلورشہر میں روزانہ تین گھنٹے بجلی کٹوتی کا شیڈول جاری

بنگلورو۔ 9؍ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)  ریاستی وزیر توانائی ڈی کے شیوکمارنے کہاکہ ریاست میں بجلی کی شدید قلت کو دیکھتے ہوئے لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہوچکی ہے۔ وزیر موصوف نے اپنے اس بیان کے ساتھ شہر بنگلور میں روزانہ تین گھنٹوں کے حساب سے بجلی کی کٹوتی کا شیڈیول جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں بتایا کہ بیسکام نے شہر کو 85 حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے انہیں پانچ الگ الگ زونس کے طور پر ترتیب دیا ہے۔ جہاں پر الگ الگ اوقات میں دن میں تین مرتبہ ایک ایک گھنٹہ بجلی کاٹی جائے گی۔ بیسکام نے اس کیلئے شہر کے 829 محلوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہیں پانچ بیاچوں میں تقسیم کرکے بی 1، بی 2، بی 3، بی 4اور بی 5میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بی 1 زمرے میں آنے والے محلوں میں روزانہ صبح چھ تاسات بجے ، دوپہر گیارہ تا بارہ بجے اور شام چار تا پانچ بجے بجلی کاٹی جائے گی ۔بی 2 میں صبح سات تا آٹھ بجے، دوپہر بارہ تاایک بجے ، شام پانچ تا چھ بجے بجلی کی کٹوتی کی جائے گی۔بی3 زمرے میں صبح آٹھ تا نو بجے ، دوپہرایک تا دوبجے،شام چھ تا سات بجے لوڈ شیڈنگ ہوگی، بی 4 میں صبح 9 تا دس بجے ،دوپہر دو تا تین بجے اور شام سات تا آٹھ بجے بجلی نہیں رہے گی۔ بی 5 میں صبح دس تا گیارہ بجے ، دوپہر تین تا چار بجے، اور شام آٹھ تا نو بجے بجلی نہیں رہے گی۔ اتنی طویل مدت میں بجلی کی کٹوتی کا اثر شہر بنگلور کی عام زندگی پر یقینا پڑ سکتا ہے۔ طلبا سمیت سماج کے تمام طبقات کے لوگ بجلی کی قلت سے متاثر ہوں گے۔ بڑی بڑی عمارتیں جہاں اوپری منزلوں پر پہنچنے کیلئے لفٹ ضروری ہوتی ہے سب سے زیادہ مشکل ان لوگوں کو اٹھانی پڑ سکتی ہے۔ موجودہ بارش کے موسم میں اگر لنگنا مکی آبی ذخیرہ میں زیادہ پانی جمع نہ ہوا تو بجلی کا یہ بحران آنے والے دنوں میں اور شدت اختیار کرسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT