Tuesday , November 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ

لاہور ، 8 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے سیکورٹی وفد نے کراچی نیشنل اسٹیڈیم کی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد قذافی اسٹیڈیم لاہور کی سیکورٹی کا جائزہ بھی لیا ہے۔ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا چار رکنی وفد بنگلہ دیشی ویمن کرکٹ ٹیم کے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے دورہ پاکستان کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آیا ہواہے۔ بنگلہ دیشی ویمن کرکٹرز نے دورۂ پاکستان میں تین ونڈے انٹرنیشنل اور تین ٹوئنٹی 20 میچز کھیلنے ہیں ۔ بنگلہ دیشی ویمن کرکٹرز نے پاکستان میں سیکورٹی انتظامات کے بارے میں تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے دورۂ پاکستان کو سیکورٹی وفد کی کلیئرنس سے مشروط کر دیا ہے۔ بی سی بی سیکورٹی انچارج امام اعظم کی سربراہی میں پی سی بی آفیشلز اور سکیورٹی افسران نے گزشتہ روز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا جبکہ نجی ہوٹل میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات بھی کی تھی سکیورٹی وفد نے لاہور میں پنجاب سکریٹریٹ کے ہوم سکریٹری پنجاب ملک اعظم سلیمان،سی سی پی او لاہور امین وینس اور دیگر سکیورٹی افسران سے ملاقات کی جہاں بنگلہ دیشی سکیورٹی وفد کو شہر میں سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ آفیشلز اور سکیورٹی افسران نے اس موقع پر وفد کو پاکستان میں سکیورٹی انتظامات کے بارے میں یقین دہانی کرائی۔ پی سی بی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ہر ممکن جتن کررہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT