Monday , December 11 2017
Home / کھیل کی خبریں / بنگلہ دیش کا آج نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلہ

بنگلہ دیش کا آج نیوزی لینڈ کے خلاف مقابلہ

کولکتہ ۔25 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈ ٹی ۔ 20 کے کل ہفتہ کو یہاں ایڈن گارڈن میں کھیلے جانے والے ایک میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا ۔ ہندوستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پست حوصلہ بنگلہ دیشی ٹیم اہم کامیابیاں حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ ٹیم کے خلاف جیت کے ساتھ اپنی مہم ختم کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ واضح رہے کہ چہارشنبہ کو کھیلے گئے ایک سنسنی خیز میچ میں بنگلہ دیش کو محض ایک رن سے شکست ہوگئی تھی جب ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیشی ٹیم کے جبڑوں سے فتح کو چھین لیا تھا جس کے ساتھ ہی پرعزم بنگلہ دیشی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات ختم ہوگئے ۔ ان کے برخلاف سیاہ ٹوپی والی نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں اپنی جگہ بناچکی ہے ۔ اس طرح اب وہ اب تک کھیلے گئے تمام میچوں میں جیت کے ساتھ گروپ ۔ 2 میں سرفہرست مقام حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ مشرف مرتضیٰ کی ٹیم نشیب و فراز کے تضادات سے گزرتے وہئے کم سے کم کل کے میچ میں ایک جیت چاہتی ہے تاکہ اس کو نہ صرف تسلی حاصل ہوسکے بلکہ کسی قدر فخر بھی بحال کیا جاسکے ۔ لیکن یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا نیوزی لینڈ کی ٹیم انھیں دلاسہ بخش فتح کا موقع دینے بہ آسانی آمادہ ہوجائیں گے ۔ بنگلہ دیش نے سوپر 10 مہم کا ناقص آغاز کیا اور اسے پاکستان کے ہاتھوں 55 رنز سے شکست فاش ہوئی ۔ اس کے برخلاف ہندوستان اور آسٹریلیا جیسی طاقتور ٹیموں کے خلاف اس کا مظاہرہ قدرے بہتر رہا ۔ ان مقابلوں میں بنگلہ دیش اگرچہ میچ ہار گئی لیکن اپنے بہترین مظاہرہ کے ذریعہ کرکٹ شائقین کا دل جیت لیا۔ چنانچہ یہی وقت ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو کامیابی کیلئے تحمل و تجربہ کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ چہارشنبہ کے میچ کے دوران آخری مرحلہ میں تین گیندوں میں دو رن درکار تھے کہ مشفق الرحمن اور محموداﷲ نے ضرورت سے زیادہ جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور بنگلہ دیشی ٹیم کو شکست کے طورپر اس کی قیمت چکانی پڑی ۔

TOPPOPULARRECENT