Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / بنگلہ دیش کا انڈیا میں ٹسٹ کرکٹ میچ آخرکار طے

بنگلہ دیش کا انڈیا میں ٹسٹ کرکٹ میچ آخرکار طے

ممبئی ، 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) چھ نئے ٹسٹ سنٹرز بشمول دھرمشالا اور رانچی پہلی مرتبہ پانچ روزہ میچز کی میزبانی انڈین کرکٹ ٹیم کیلئے مصروف ہوم سیزن کے دوران کریں گے، جو اکٹوبر؍ نومبر میں نیوزی لینڈ سیریز کے ساتھ شروع ہورہا ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے طے شدہ مصروف انٹرنیشنل شیڈول ہندوستانی ٹیم کا منتظر ہے جس کے تحت وہ آنے والے ہوم سیزن میں 13 ٹسٹ میچز، آٹھ ونڈے انٹرنیشنلز اور تین T20 انٹرنیشنلز کھیلے گی۔ بی سی سی آئی سکریٹری اجئے شرکے نے ایک بیان میں کہا کہ راجکوٹ، ویزاگ، پونے، دھرمشالا، رانچی اور اندور گزشتہ سال نومبر میں ٹسٹ سنٹرز کے طور پر فروغ دیئے گئے تھے اور اب وہ پہلی بار پانچ روزہ مقابلوں کی میزبانی کریں گے۔ بی سی سی آئی نے اپنی ٹور پروگرامز اینڈ فکسچرز کمیٹی کی آج یہاں میٹنگ کے بعد اعلان کیا کہ یہ نئے سنٹرز اِس سیزن دورہ کنندہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچز منعقد کریں گے۔ انڈین سیزن کی شروعات نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹسٹ میچز اور پانچ او ڈی آئیز کے ساتھ ہوگی جس کے بعد پانچ ٹسٹ میچز، تین او ڈی آئیز اور اتنے ہی T20I میچز انگلینڈ کے خلاف کھیلے جائیں گے۔ آسٹریلیا کا فبروری؍ مارچ 2017ء میں انڈیا کا دورہ ہے اور چار ٹسٹ میچز کھیلے جائیں گے جبکہ بنگلہ دیش ٹسٹ درجہ حاصل ہونے کے بعد سے ہندوستان میں پہلی مرتبہ واحد ٹسٹ میچ بھی مقرر کیا گیا ہے۔ واحد ہند۔ بنگلہ دیش ٹسٹ حیدرآباد میں ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT