Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان 208 رنز سے فاتح

بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان 208 رنز سے فاتح

حیدرآباد ۔13 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے روی چندرہ اشون اور رویندرا جڈ یجہ کی عمدہ بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو واحد ٹسٹ میچ میں 208 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقے میں موجود راجیوگاندھی انٹرنیشنل اسٹڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے واحد ٹسٹ میچ کے پانچویں دن مہمان بنگلہ دیشی ٹیم نے 103 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے ٹسٹ بچانے کا مشکل چیلنج درپیش تھا۔مہمان کھلاڑی انتہائی کوشش کے باوجود عالمی نمبر ایک اور دو بولروں کی جوڑی اشون اور جڈیجہ کا سامنا نہ کر سکا اور تمام کھلاڑیوں نے وکٹ پر جمنے کے بعد وکٹیں گنوائیں۔ محموداللہ 64 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب مظاہرہ کیا جبکہ شکیب الحسن نے 22، سومیا سرکار 42، مومن الحق 27، مشفیق الرحیم 23، صابر رحمان 22 اور مہدی حسن میراز 22 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور ہندوستانی سرزمین پر اپنے پہلے ٹسٹ میچ میں 208 رنز سے شکست سے دوچار ہونے کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 1-0 سے ہار گئی۔ہندوستان کی جانب سے اشون اور جڈیجہ نے فی کس چار وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی رول ادا کیا۔اس سیریز میں فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے متواتر 19ٹسٹ میچوں میں ناقابل شکست رہنے کا نیا ریکارڈ بھی بنا دیا جبکہ یہ ہندوستان کی مسلسل چھٹی سیریز میں فتح ہے۔ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی کو شاندار ڈبل سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT