Tuesday , April 24 2018
Home / ہندوستان / بوانا آتشزدگی حادثہ میں مہلوکین کے ارکان خاندان سے راہول گاندھی کا اظہار تعزیت

بوانا آتشزدگی حادثہ میں مہلوکین کے ارکان خاندان سے راہول گاندھی کا اظہار تعزیت

صدر دہلی پردیش کانگریس اجئے ماکن کا حادثہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ ،مقدمہ کرائم برانچ کو منتقل
نئی دہلی ۔ /21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج بوانا آتشزدگی حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے ورثہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی عاجلانہ صحتیابی کی تمنا ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیالات ان سب کے ساتھ ہیں اور وہ ان سب کیلئے دعا کرتے ہیں ۔ دریں اثناء صدر دہلی پردیش کانگریس اجئے ماکن نے آج بوانا میں آتشزدگی کے مقام کا دورہ کیا اور اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ جس میں 17 افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ حکومت دہلی کے مختلف محکموں کی کوتاہیوں کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ بلدیہ محکمہ نااہل ہے جس نے ایسے کارخانوں کو لائسنس دیئے ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کی جانب سے اس واقعہ کی تحقیقات کروائی جانی چاہئیے اور حکومت دہلی کے عہدیداروں کو حقائق سے واقف کروانا چاہئیے ۔ وہ فی الحال سرکاری محکموں کے خلاف کچھ بھی کہنا نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی کے محکموں جیسے ریاستی دہلی کے صنعتی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے کارپوریشن ، صحت عامہ اور انسداد آلودگی کے محکمہ تمام کوتاہیوں کا شکار ہیں ۔ اسی وجہ سے وہ عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ دریں اثناء دہلی پولیس نے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کرائم برانچ کے حوالے کردی ہیں ۔ پولیس کمشنر امولیہ پٹنائیک نے کہا کہ اس واقعہ کی تفصیلی تحقیقات اور بعد ازاں انکشافات پر کارروائی ضروری ہے ۔ 10 خواتین اور 7 مرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ایک مرد اور ایک خاتون جھلس کر زخمی ہوگئے ۔ دہلی کے صنعتی علاقہ بوانا میں پٹاخوں کا یہ کارخانہ قائم تھا ۔ اس کے مالک 49 سالہ منوج جین کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مجسٹریٹ نے انہیں عدالتی تحویل میں لے لیا ۔

TOPPOPULARRECENT