Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / بودھن گورنمنٹ ڈگری کالج میں اردو میڈیم سیکشن

بودھن گورنمنٹ ڈگری کالج میں اردو میڈیم سیکشن

علحدہ عمارت کی تعمیر کے لیے 2 کروڑ روپئے کی ضرورت
حیدرآباد۔/8ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بودھن میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے احاطہ میں اردو میڈیم سیکشن کی علحدہ عمارت کی تعمیر کیلئے 2 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن تلنگانہ وانی پرساد نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 2کروڑ روپئے کی اجرائی کی درخواست کی ہے۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن کی جانب سے 2013-14 میں اس سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا گیا تھا تاہم محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس پر دوبارہ ایک مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ بودھن سے تعلق رکھنے والے اقلیتی قائدین کے وفد نے آج نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی اور  تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2004-05 میں BA(HEP) اردو میڈیم کے آغاز کی اجازت دی تھی بعد میں حکومت نے گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن میں اردو میڈیم کے 5 پوسٹس منظور کئے تھے۔ اس کے علاوہ اردو میڈیم کی علحدہ عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے اقلیتی بہبود سے بجٹ کی درخواست کی گئی۔ وفد نے بتایا کہ  بودھن میں اردو میڈیم طلبہ کی خاصی تعداد موجود ہے اور اگر اقلیتی بہبود کی جانب سے بجٹ جاری کیا جائے تو علحدہ سیکشن کا آغازکیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے مسلسل نمائندگی کے باوجود حکومتوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں کی۔ کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نے محکمہ اقلیتی بہبود کو 2 کروڑ روپئے کی اجرائی کے سلسلہ میں ایک اور مکتوب روانہ کیا ہے۔ وفد نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل سے اپیل کی کہ بودھن میں اردو میڈیم طلبہ کے تحفظ کیلئے فوری بجٹ کی اجرائی عمل میں لائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اردو سیکشن کے آغاز کیلئے نئی عمارت کی تعمیر کے ذریعہ بودھن میں مستقل طور پر اردو کلاسیس کے آغاز کو یقینی بناسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اس عمارت میں اردو میڈیم کے مزید کورسیس کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ جناب عامر علی خاں نے اس مسئلہ کو حکومت سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔

TOPPOPULARRECENT