Monday , December 18 2017
Home / جرائم و حادثات / بورہ بنڈہ رعیتو بازار کے قریب خاتون پر قاتلانہ حملہ  ناجائز تعلقات کا شاخسانہ ، حملہ آور گرفتار

بورہ بنڈہ رعیتو بازار کے قریب خاتون پر قاتلانہ حملہ  ناجائز تعلقات کا شاخسانہ ، حملہ آور گرفتار

حیدرآباد /23 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بورہ بنڈہ رعیتو بازار کے قریب ایک خاتون پر دن دہاڑے قاتلانہ حملہ کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ۔ تاہم اس حملہ کو اسکے عاشق کی کارستانی قرار دیا جارہا ہے ۔ جس سے زخمی خاتون کے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات تھے ۔ اس حملہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے فوری چوکسی اختیار کرتے ہوئے قاتلانہ حملہ میں زخمی خاتون شراونتی کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ انسپکٹر ایس آر نگر پولیس محمد وحید الدین نے بتایا کہ شراونتی صنعت نگر علاقہ کے ساکن گیری کی بیوی ہے ۔ گیری اور شراونتی کی شادی تقریباً 2 سال قبل ہوئی ۔ خاتون کا تعلق مشیرآباد رام نگر سے بتایا گیا ہے ۔ شادی سے قبل اس لڑکی کی دوستی پڑوس میں رہنے والے ایک نوجوان روی کمار سے تھی اور دونوں کی عمر میں کوئی زیادہ فرق نہیں ہے ۔ پولیس نے روی کمار کی عمر 24 اور شراونتی کی عمر 23 سال بتائی ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق شراونتی نے شادی کے بعد شوہر کے گھر جانے سے انکار کردیا تھا ۔ تاہم افراد خاندان نے اسے سمجھاکر روانہ کیا اور وہ چلی گئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق روی اور شراونتی میں دوستی جاری تھی ۔ حملہ سے قبل دونوں نے نارائل پانی کا استعمال کیا ۔ اس سے قبل زخمی خاتون اپنی ساتھی سہیلی کے ہمراہ پنجہ گٹہ گئی تھی اور وہاں اس نے روی کمار سے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد یہاں سے بورا بنڈہ علاقہ پہونچے تقریباً 3 تا 4 بجے کے وقت نارائیل پانی کا استعمال کرنے کے دوران دونوں میں بحث و تکرار ہوگئی اور اس دوران روی کمار نے نارائیل پانی کی بنڈی پر موجود کتہ سے شراونتی پر حملہ کردیا اور فرار اختیار کرلی ۔پولیس ایس آر نگر نے روی کمار کو حراست میں لے لیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حملہ میں زخمی شراونتی کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جو ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ پولیس ایس آر نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔

TOPPOPULARRECENT