Thursday , November 23 2017
Home / جرائم و حادثات / بورہ بنڈہ میں خوف ناک آوازیں، زلزلے کے جھٹکے عوام میں دہشت، سڑک پر شب بسری

بورہ بنڈہ میں خوف ناک آوازیں، زلزلے کے جھٹکے عوام میں دہشت، سڑک پر شب بسری

حیدرآباد۔/21اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بورا بنڈہ کے علاقہ میں عوام خوفناک آوازوں اور زلزلہ کے جھٹکوں سے دہشت کا شکار ہیں۔ رات دیر گئے بورا بنڈہ کے علاقہ اندرا نگر اور حبیب فاطمہ نگر میں عوام گھروں سے باہر نکل آئے اور بستیوں کی عوام نے رات سڑکوں پر گذاری۔ گذشتہ روز سے ان علاقوں میں رات کے اوقات خوفناک آوازیں اور زلزلہ کے خفیف جھٹکے محسوس کئے گئے۔ تاہم عوام کا کوئی پرسان حال نہیں اور کوئی ان باتوں اور عوام میں پائی جانے والی دہشت پر توجہ دینے والا نہیں۔ اکثر شہری اس بات کو محض ایک افواہ تصور کرتے ہیں لیکن مقامی عوام کے دلوں کا حال ہی کچھ اور ہے وہ خوف و دہشت کے مارے سونے سے گھبرارہے ہیں چونکہ آج شام 6 تا 7 بجے کے درمیان تین مرتبہ زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ مقامی عوام نے بتایا کہ حبیب فاطمہ نگر، اندرا نگر اور پرتیبھا نگر کے علاقوں کی عوام میں یہ خوف و دہشت زیادہ پائی جاتی ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ نے ان علاقوں میں زلزلہ کی قبل از وقت آگہی اور اس کی طاقت کو ناپنے کیلئے دو آلات کو نصب کردیا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد عوام میں اطمینان بحال کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مقامی کارپوریٹر محمد شفیع نے سرکاری عہدیداروں کے ساتھ علاقہ کا دورہ کیا اور فوری نمائندگی کرتے ہوئے میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں سے بات کی اور عوام کو اطمینان دلایا کہ خوف و دہشت کی کوئی بات نہیں ہے۔ کارپوریٹر محمد شفیع نے بتایا کہ علاقہ میں آلات نصب کروائے گئے ہیں اور ان خوفناک دھماکوں کی آواز زلزلہ کے جھٹکوں کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نقصان کا واقعہ نہیں ہوا تاہم عوام میں خوف و دہشت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی اور بھروسہ دلایا کہ وہ علاقہ میں موجود رہیں گے۔

TOPPOPULARRECENT