Saturday , December 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / بولٹ فٹبال میں کیریئر بنانے کے خواہاں

بولٹ فٹبال میں کیریئر بنانے کے خواہاں

آسٹن۔23اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) جمیکا کے تیز رنر یوسین بولٹ نے کہا ہے کہ وہ ٹریک اینڈ فیلڈ کو الوداع کہنے کے بعد اب فٹبال میں اپنا کیریئر بنانے کے لئے سنجیدہ ہیں اور وہ ایک دن جمیکا کے لئے کھیلنا چاہتے ہیں۔ اولمپک میں آٹھ مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے والے بولٹ نے رواں برس ٹریک اینڈ فیلڈ سے کنارہ کشی اختیار کی ہے۔ فی الحال وہ عضلات میں جکڑن کا علاج کروارہے ہیں۔ حالانکہ بولٹ نے تسلیم کیا کہ وہ رنر کے طور پر اپنے کیریئر سے سبکدوش ہونے بعد نئی اننگز کا آغاز کرنے کے تئیں کچھ تذبذب میں تھے لیکن بچپن سے ان کا خواب تھا کہ وہ فٹبال کھیلیں اور اب وہ فٹبال کھیلنے کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔31 سالہ کھلاڑی یہاں یو ایس فارمولہ ون گراں پری ریسنگ کے فائنل کے لئے پہنچے تھے جہاں مرسیڈیز کے لوئس ہیملٹن فاتح بنے ہیں۔ بولٹ نے کہا کہ یہ میرا انفرادی ہدف ہے ۔ مجھے اس بات کی پرواہ نہیں کہ لوگ میرے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ میں خود سے جھوٹ نہیں بولوں گا۔ میں بے وقوف نہیں بنوں گا۔جمیکا کے ایتھلیٹ نے آسٹن سرکٹ پر فاتح ہیملٹن سے انٹرویو بھی کیا نیز برطانوی ڈرائیور نے بولٹ کو اپنی اے ایم جی اسپورٹ کار میں بیٹھاکر سرکٹ میں گھمایا۔ بولٹ نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ اگر مجھے لگتا ہے کہ میں کرسکتا ہوں تو یقینی طور پر میں اسے کروں گا لیکن میں خود کو شرمندہ ہونے نہیں دوں گا۔ یہ میرا خواب ہے اور یہ میرے کیریئر کا نیا باب بھی ہوگا۔تیز رنر نے کہا کہ اگر آپ کا کوئی خواب ہے تو کم از کم آپ کو اس کے لئے کوشش تو کرنی ہی چاہیے ۔ ماہرین کی بات کریں تو بولٹ کے لئے فٹبال میں کیریئر مشکل نہیں ہوسکتا کیونکہ انہیں 15 سال کی عمر سے ہی جرمن اسپورٹس ویئر کمپنی پیوما اسپانسر کررہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT