Friday , December 15 2017
Home / Top Stories / بوڑھی ماں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کا دردناک واقعہ

بوڑھی ماں کے ساتھ ظالمانہ سلوک کا دردناک واقعہ

منچریال میں انسانیت کو شرمسار کرنے والی حرکت پر ریٹائرڈ صدر مدرس گرفتار
حیدرآباد۔/12اپریل، ( سیاست نیوز) منچریال میں ایک دردناک واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ ایک ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر نے اپنی90 سالہ بوڑھی ماں کو گھر کی بالکونی میں بغیر کپڑوں کے بے یارومددگار چھوڑدیا ہے۔ کلکٹر کی مداخلت پر بوڑھی خاتون کو ہاسپٹل اور بیٹا و بہو کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ دین اسلام کی تعلیمات ہر انسان تک پہنچانا مسلمانوں کی ذمہ داری ہے اور امت جب اپنی ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو ایسے واقعات منظر عام پر آتے ہیں جس سے دل کے ٹکڑے ہوجاتے ہیں اور انسانیت سوالیہ نشان بن جاتی ہے۔ مذہب اسلام نے ماں کو جو مقام عطا کیا ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں ہے کیونکہ دین اسلام میں ماں کی عظمت بیان کرتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ اس عظیم المرتبت شخصیت کے قدموں میں جنت ہے لیکن منچریال میں ایک ایسا دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ماں کے احترام کو تار تار کیا گیا۔ تعلیم جیسے مقدس پیشہ سے بحیثیت ہیڈ ماسٹر ریٹائرڈ ہونے والے وینکٹ رام نرسیا جنہوں نے ماں کی عظمت اور خاندان کی ذمہ داریوں کے بارے میں طلبہ کو جو درس دیا ہے عملی زندگی میں خود اس کی دھجیاں اڑائی ہے۔ ماں کی ممتا کو بھول کر اپنی 90سالہ بوڑھی ماں کے ساتھ ایسا سلوک کیا ہے جس سے ہر انسان کے رونگھٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ منچریال ہائی ٹیک سٹی ورون ٹاورس کے تیسرے فلور پر رہنے والے ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر وینکٹ رام نرسیا نے اپنی بوڑھی ماں کو گھر کی بالکونی میں بے یارومددگار چھوڑدیا۔ بوڑھی ماں کا تن ڈھانکنے کیلئے کپڑے بھی نہیں دیئے اور نہ ہی بھوک مٹانے کیلئے کبھی پیٹ بھر کھانا کھلایا۔ 90سالہ بوڑھی خاتون رادھادیوی کی حالت پر مقامی عوام کو رحم آیا اور کلکٹر اروی کرنا کو اس کی اطلاع دی۔ کلکٹر نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آر ڈی او پرتاپ کمار کو وینکٹ رام نرسیا کی قیامگاہ روانہ کیا۔ وینکٹ رام نرسیا اور ان کے ارکان خاندان نے آر ڈی او کو اپنی قیامگاہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔ پولیس کے تعاون سے پرتاپ کمار گھر کے اندر داخل ہوئے اور بوڑھی خاتون کے بدن پر کپڑے نہ دیکھ کر آر ڈی او کی آنکھ بھی نم ہوگئی۔ عہدیداروں نے بوڑھی خاتون کے بدن پر کپڑے ڈھانکتے ہوئے مقامی عوام کی مدد سے ایمبولنس کے ذریعہ مقامی ہاسپٹل روانہ کیا۔ علاج کے بعد بوڑھی خاتون کو اولڈ ایچ ہوم روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر وینکٹ رام نرسیا اور ان کی اہلیہ کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔

TOPPOPULARRECENT