Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / بچوں کے اخلاق و کردار کی حفاظت خواتین کی ذمہ داری

بچوں کے اخلاق و کردار کی حفاظت خواتین کی ذمہ داری

جامعۃ المؤمنات میں جلسہ ، مولانا محمد عبیداللہ خاں اعظمی سابق رکن پارلیمنٹ کا خطاب
حیدرآباد ۔ /22 اکٹوبر (راست) ممتاز عالم دین علامہ حافظ محمد عبیداللہ خاں اعظمی سابق رکن پارلیمنٹ نے جامعۃ المومنات میں منعقدہ جلسہ بعنوان :’’عصر حاضر میں مسلم خواتین کی ذمہ داری ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مرد و عورت کی تخلیق فرماکر اس عظیم الشان کائنات کو برتنے کا موقع دیا ۔ اللہ تعالیٰ نے مرد و عورت کو مساوی مقام و مرتبہ عطا کیا ہے ، اسلام کا فیصلہ ہے عورت مرد کا لباس اور مرد عورت کا لباس ہے ، دنیا میں کوئی ایسا میدان نہیں خواہ وہ علمی یا تمدنی میدان ہو جس میں عورت اپنے پردہ کے ساتھ آگے نہ بڑھ سکتی ہو ، امام حسین رضی اللہ عنہ کا وہ قافلہ جو کربلا کو روانہ ہوا اس میں صرف مرد ہی نہیں تھے بلکہ عورتیں بھی تھیں ، جہاں باب شہادت بند ہوا ۔ باب اسیری کھلا تو خواتین ہی نے اس باب میں رہتی دنیا تک کی مسلم خواتین کیلئے قیادت کیں۔ حافظ محمد عبیداللہ خاں اعظمی نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں مسلم خواتین کی وہی ذمہ داریاں ہیں جو چودہ سو سال سے تواتر سے چلی آرہی ہیں اور قیامت تک رہیں گی ۔ حضور ﷺ نے فرمایا علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے ، بغیر علم کے نہ تو حقوق کا علم ہوتا ہے نہ ذمہ داریوں کا ۔ تعلیم اسی وقت نتیجہ خیز بنتی ہے جب تعلیم پر عمل کا دور بنتا ہے ، ہر عہد میں مرد سے زیادہ خواتین پر ذمہ داریاں زیادہ رہی ہیں ، وہ بچہ جو مستقبل میں فساد کا سبب بنے گا اور وہ بچہ جو سماج میں اصلاح کا سبب بنے گا ، اس کا تحفظ اس کے اخلاق و کردار کی حفاظت و نگرانی ایک عورت ہی کی ذمہ داری ہے اور یہ ذمہ داری جہالت کے ساتھ پوری نہیں ہوتی ، یہ ذمہ داری اس وقت پوری ہوگی جب علم اس کا ہتھیار ہوگا اور تربیت اس کی ڈھال بنے ، دینی ادارے ایسے ہوں کہ جس میں صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ تربیت و خشیت الٰہی بھی سکھایا جاتا ہے ۔ انہوں نے جامعۃ المؤمنات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جامعۃ المؤمنات اس دور میں ایسا آشیانہ ہے جو دین کی تعلیمات کا تحفظ کرتا ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظہ رمیصاء افشین کی قرأت ، قاریہ شفاء ناز کی نعت شریف سے ہوا ، سیدہ غوثیہ شاہد بزبان اردو ، سہیلہ کوثر بزبان ملیالم ، مہہ جبین بزبان اڑیسہ ، شفاء کوثر بزبان انگریزی ، عارفہ جان بزبان کشمیری خطاب کئے ۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر مفتی عبدالواسع احمد صوفی نے انجام دیئے ، جبکہ صدارت امیر شریعت مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی جامعۃ المؤمنات نے کی ۔ خیرمقدمی کلمات ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعۃ المؤمنات نے ادا کئے ، جناب محمد فاروق علی خاں ایڈوکیٹ نے کلیدی خطبہ دیا ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید شاہ عمادالدین قادری الجیلانی حامد پاشاہ (امریکہ) ، مولانا سید شاہ نجم الدین قادری الجیلانی ثاقب پاشاہ ، مولانا ساجد حسن قادری ، سید شاہ درویش محی الدین قادری مرتضی پاشاہ ، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری ، مفتی نسیم احمد اشرفی ، مفتی کاظم حسین نقشبندی ، مولانا شرف الدین نجفی ، مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری نے شرکت کی ۔ اختتام جلسہ مکتبۃ المومنات سے شائع شدہ کتاب : عصر حاضر میں درپیش مسائل فقہ کا مجموعہ ’’جدید فقہی تحقیقات قرآن و حدیث کی روشنی میں ‘‘ مرتبہ : ڈاکٹر مفتیہ ناظمہ عزیز شیخ الفقہ جامعۃ المؤمنات کی رسم اجراء بدست علامہ حافظ محمد عبیداللہ خاں اعظمی میں آئی ، مفتی محمد حسن الدین صدر مفتی کی دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT