بچہ مزدوری کے خاتمہ کیلئے شعور بیدار کرنا ضروری

ترمیمی بل کی پارلیمنٹ سرمائی اجلاس میں پیشکشی : مرکزی وزیر لیبر دتاتریہ کا بیان

ترمیمی بل کی پارلیمنٹ سرمائی اجلاس میں پیشکشی : مرکزی وزیر لیبر دتاتریہ کا بیان
حیدرآباد 20 نومبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے آج بتایا کہ مرکزی حکومت دیرینہ تعطل کا شکار ترمیمی بل پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے ذریعہ 14 سال سے کم عمر کے بچوں کو کسی بھی پیشہ میں مزدوری پر امتناع عائد کرنا ہے ۔ بچہ مزدوری کے خاتمہ کیلئے شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دتاتریہ نے کہا کہ کم عمر بچوں کو مزدوری پر رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ بچہ مزدوری کے خاتمہ کیلئے سب میں شعور بیدار کریں۔ بچہ مزدوری کو فروغ دینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں یقینی طور پر بچہ مزدوری ایکٹ 1986 پر عمل آوری کرنی چاہئے ۔ ہم بچہ مزدوری ایکٹ ( ترمیمی بل ) پارلیمنٹ کے مجوزہ اجلاس میں پیش کرینگے ۔ پارلیمنٹ کے ایک ماہ طویل سرمائی اجلاس کا 24 نومبر سے آغاز ہونے والا ہے ۔ بچہ مزدوری ترمیمی بل 2012 سے التوا کا شکار ہے ۔ اس ترمیم کے ذریعہ بچہ مزدوری پر امتناع کی تجویز ہے ۔ دتاتریہ تلنگانہ کے وزیر لیبر این نرسمہا ریڈی اور محکمہ لیبر کے عہدیداروں کے ساتھ غیر منظم شعبہ کے ورکرس کی فلاح و بہبود کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت برج اسکولس قائم کرنے میں تلنگانہ کی مدد کریگی جہاں بچوں کو باقاعدہ نظام تعلیم کیلئے تیار کیا جائیگا اور بچہ مزدوری کو ختم کرنے فنڈز فراہم کئے جائیں گے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ 93 فیصد ورکرس غیر منظم شعبہ میں ہیں انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت انہیں بھی سماجی تحفظ فراہم کرنے میں سنجیدہ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی حکومت تمام ورکرس کو قابل تبدیلی منفرد نمبر فراہم کر رہی ہے کیونکہ تقریبا 22,000 کروڑ روپئے کی ای پی ایف کی رقم پر کسی نے بھی ادعا نہیںجتایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راشٹریہ سوستھ بیما یوجنا ‘ اندرا گاندھی وظیفہ پیرانہ سالی ‘ عام آدمی بیما پنشن ایک اسمارٹ کارڈ کے تحت فراہم کئے جائیں گے ۔ دتاتریہ نے بتایا کہ اسمارٹ کارڈ پروگرام کو پائلٹ پراجیکٹ کے تحت نافذ کیا جائیگا ۔اس کیلئے حیدرآباد و محبوب نگر کا انتخاب کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT