Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / بڑے جانوروں کے تاجرین پر حملہ و ہراسانی ، اشرار کی شر انگیزی

بڑے جانوروں کے تاجرین پر حملہ و ہراسانی ، اشرار کی شر انگیزی

پولیس کی خاموشی پر شدید برہمی ، الحاج محمد سلیم کی وفد کے ساتھ وزیر داخلہ سے شکایت
حیدرآباد ۔ /25 مئی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقوں میں بڑے جانوروں کے تاجرین پر جاری حملہ ہراسانی اور لوٹ مار کے واقعات میں ان دنوں اضافہ ہوگیا ۔ اشرار کی شرانگیزی اور پولیس کی مبینہ خاموشی پر جمعیت القریش نے شدید بر ہمی کا اظہار کیا ہے ۔ جمعیت القریش کے صدر محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل کی قیادت میں آج ایک وفد نے ریاستی وزیر داخلہ مسٹراین نرسمہا ریڈی سے ملاقات کی اور تاجرین پر جاری حملہ اور ہراسانی کے واقعات سے وزیر داخلہ کو واقف کروایا ۔ جمعیت القریش کے صدر محمد سلیم نے بتایا کہ ریاستی وزیر داخلہ نے جمعیت القریش کی نمائندگی پر اپنا مثبت ردعمل ظاہر کیا اور مسائل کی سنجیدگی سے سماعت کے بعد ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور کمشنر پولیس سائبر آباد کو ہدایت دی کہ وہ مویشیوں بڑے جانوروں کی منتقلی میں پیش آرہی مشکلات کا فوری جائزہ لیں اور حملہ اور ہراسانی کے واقعات پر فوری روک لگاتے ہوئے سخت اقدامات کریں ۔ چونکہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا کسی کو حق نہیں ۔ جمعیت القریش کے وفد نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے جمعیت القریش کے وفد کو تیقن دیا کہ وہ تاجرین پر حملہ کے واقعات کے تدارک کے اقدامات کریں گے ۔ اس موقع پر صدر جمعیت القریش حیدرآباد محمد سلیم نے کہا کہ آج قریش برادری مسائل سے دوچار ہے ۔ بڑے جانوروں کے کاروبار پر روزی منحصر ہے ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ارباب مجاز حملہ کے واقعات کو روکنے میں ناکام ہورہے ہیں ۔ محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ شہر منتقل کئے جانے والے بڑے جانور کسانوں کی جانب سے فروخت کئے جاتے ہیں ۔ جبکہ قریش برادری کے افراد معمولی آمدنی کیلئے ان جانوروں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتے ہیں ۔ جبکہ اشرار شہر منتقل کئے جارہے ان مویشیوں ، بڑے جانوروں کی گاڑیوں کو روک کر تاجرین کو ہراساں و پریشان کررہے ہیں اور انہیں لوٹ لیا جارہا ہے ۔ گاڑیوں کو نقصان پہونچاتے ہوئے تاجرین کو زدوکوب کرنے کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں ۔ محمد سلیم نے کہا کہ آئندہ چند روز میں ماہ مبارک رمضان کاآغاز ہوگا اور رمضان میں مسلم اقلیت کو ہراساں و پریشاں کرنے قیمتوں میں اضافہ کرنے کی کوششیں افسوسناک ہے ۔ انہوں نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ تاجرین کو پریشان کرنے اور حکومت کو بدنام کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہ کریں اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔ اس وفد میں نائب صدرمعین الدین جنرل سکریٹری عبدالقادر ، یعقوب ، عبدالقدیر ، محمود ، بشیر ، اسماعیل ایڈوکیٹ ، محمد قاسم و دیگر موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT