Monday , December 18 2017
Home / ہندوستان / بھارتی نیائے کی قانونی امداد سے 8 زیر دریافت قیدیوں کی رہائی

بھارتی نیائے کی قانونی امداد سے 8 زیر دریافت قیدیوں کی رہائی

نئی دہلی ۔ 23 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ۔ علاقہ قومی دارالخلافہ کے مختلف جیلوں میں محروس 8 زیر دریافت قیدیوں کو ضمانت پر رہا کردیا گیا جبکہ بھارتی انٹرپرائزس کے ایک ادارہ نیائے بھارتی نے انہیں قانونی امداد فراہم کی تھی۔ سابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس اے ایس آنند کی زیر قیادت غیر سرکاری ادارہ نیائے بھارتی سے وابستہ وکلاء نے زیر دریافت قیدیوں سے درخواست ضمانت پیش کرنے میں قانونی امداد کی فراہمی کے ساتھ دہلی کے مختلف عدالتوں میں نمائندگی کی تھی ۔ مسٹر راکیش بھارتی متل ، نائب صدرنشین بھارتی فاؤنڈیشن نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ معمولی جرائم کی پاداش میں زیر دریافت قیدیوں کی قابل لحاظ تعداد جیلوں میں بند ہیں ، انہیں رہا کروانے میں پہلی کوشش کامیاب ثابت ہوئی اور اب یہ کوششیں شمالی ہند میں بھی کی جائے گی۔

 

زمینی تودے گرنے سے 10 مزدور ہلاک
دہرادون ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ضلع کے چکھرانا علاقہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں زمین کے تودے کھسکنے سے 10 مزدور ہلاک اور دیگر 5 زخمی ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعہ شب ایک بجے اس وقت پیش آیا جب علاقہ ٹیونی ۔ ہنول علاقہ میں محو خواب مزدوروں پر تیز ہواؤں اور زور دار بارش سے مٹی کے تودے کھسک گر پڑے ۔ ملبہ سے 10 مزدوروں کی نعشیں برآمد کرلی گئیں جب کہ زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے ان میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ یہ مزدور پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت کام کررہے تھے ۔

TOPPOPULARRECENT