Monday , October 22 2018
Home / شہر کی خبریں / بھاری بارش کے پیش نظر احتیاطی اقدامات اور نقصانات پر قابو پانے پر توجہ

بھاری بارش کے پیش نظر احتیاطی اقدامات اور نقصانات پر قابو پانے پر توجہ

سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کا اعلیٰ اجلاس ، چیف سکریٹری ڈاکٹر کے جوشی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 7 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جاریہ سال 90 تا 99 فیصد بارش ہونے کی پیش قیاسی کرنے کے بعد اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے چوکنا رہنے تمام احتیاطی اقدامات کرنے اور نقصانات پر قابو پانے کے اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ چیف سکریٹری نے آج سکریٹریٹ میں محکمہ بلدی نظم و نسق ، پولیس ، فوج ، ایر فورس ، این ڈی آر ایف ، آبپاشی ، پنچایت راج ، زراعت ، انیمل ہسبنڈری ، طب ، موسمیات ، برقی ، ریلویز ، فائر کے علاوہ دوسرے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے ریاست میں جاریہ سال اچھی بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ مختلف محکمہ جات اپنی اپنی جانب سے احتیاطی اقدامات کرلیں ۔ محکمہ صحت موسم بارش میں پھٹ پڑنے والی بیماریوں پر قابو پانے کے لیے متحرک رہے ۔ ضرورت کے مطابق ادویہ ، ویاکسن وغیرہ دستیاب رکھیں اور عملے کو بھی تیار رکھیں ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ موسمی حالات سے عوام کو آگاہ رکھنے کے لیے عنقریب خصوصی ایپ کا بھی آغاز کیا جائیگا ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش سے متعلق الرٹ روزانہ جاری کئے جائیں گے ۔ 31 اضلاع میں ہونے والی بارش کو فوری ریکارڈ کرتے ہوئے رپورٹ حکومت کو روانہ کریں ۔ گرج و چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے معاملے میں 45 منٹ قبل آگاہ کریں ۔ محکمہ موسمیات نے ویب سائٹ اور واٹس آپ گروپس کے ذریعہ بارش کی پیش قیاسی کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے شہر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کو پانی جمع ہونے والے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے عوام کو چوکنا کرنے اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے عوام کو خدمات فراہم کرنے پر زور دیا ۔ بارش کے دوران وارڈ سطح پر خدمات انجام دینے پر جی ایچ ایم سی کی ستائش کی ۔ زیادہ بارش ہونے پر زیادہ سے زیادہ نقصان کو گھٹانے کے لیے مختلف محکمہ جات کے عہدیدار کنٹرول روم سے تال میل اور رابطہ برقرار رکھیں ۔ بستی دواخانوں میں ادویات دستیاب رکھیں ۔ اینٹی لاروا آپریشن کو تیار رکھنے اور نالوں کی صفائی کرنے عارضی شلٹرس قائم کرنے کا بھی مشورہ دیا ۔ تھوڑی دیر میں زیادہ بارش ہونے پر ٹریفک مسائل پر قابو پانے کے لیے پولیس کنٹرول سے خصوصی اقدامات کرنے خصوصی ٹیمیں تیار رکھیں ۔ برقی منقطع ہونے کی صورت میں جلد از جلد برقی کی سربراہی کو بحال کرنے کے اقدامات کریں ۔ انڈیا ڈیزاسسٹر رسپانس نیٹ ورک کے متعلق پاسورڈس کو حاصل کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی ۔۔

TOPPOPULARRECENT