بھدرادری انکاؤنٹر، سرکاری قتل کے مترادف: ورا ورا راؤ

حیدرآباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست نیوز) انقلابی مصنفین تنظیم ( ویپلدا رجیتلا سنگم ) کے قائد مسٹر وراوراراؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے ٹیکولا پلی منڈل ( ضلع بھدرا دری کتہ گوڑم ) میں گزشتہ دنوں پیش آئے انکاؤنٹرس واقعات سرکاری قتل کے سوا اور کچھ نہیں ہیں۔ اور حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ بے گناہ افراد کو پولیس کے ذریعہ قتل کروایا گیا۔ ورا وراراؤ نے بتایا کہ پیش آئے دو انکاؤنٹر واقعات کے مہلوکین میں سات آدی واسی نوجوان، ایک دلت نوجوان اور ایک لمباڑہ طبقہ کا نوجوان شامل ہے۔ لہذا مذکورہ انکاؤنٹر واقعہ میں حصہ لیتے ہوئے پولیس عہدیداروں کو خدمات سے فوری معطل کرکے عدالتی تحقیقات کروانے کا ورا ورا راؤ نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے بانی مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی کرشنا مادیگا کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی۔ اور کہا کہ شیڈول کاسٹس طبقات کی فوری زمرہ بندی کے ذریعہ دلتوں کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تلنگانہ پولیس کو مکمل چھوٹ دے رکھی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ میں انسانی حقوق کی مکمل پامالی ہورہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT