بھوانی نگر میں معمولی بم دھماکہ، دو زخمی پراسرار بم کے بارے میں سنسنی، پولیس ٹیم مصروف تحقیقات

حیدرآباد ۔ /7 مئی (سیاست نیوز) علاقہ بھوانی نگر میں کل رات دیر گئے کم شدت والے مشتبہ بم دھماکے سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور اس واقعہ میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ بھوانی نگر روڈ نمبر 1 پر یہ واقعہ پیش آیا۔ اس بات کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس کے اعلی عہدیدار موقع واردات پر پہونچ کر وہاں کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ سٹی پولیس کے سراغ رسانی دستے کلوز ٹیم کو طلب کیا گیا اور اس ٹیم کے فارنسک ماہرین نے وہاں سے چند شواہد اکٹھا کئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ کے مقام سے دو کیلے اور چھرے بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ اس حادثہ میں 80 سالہ عبداللہ اور 28 سالہ سلمان زخمی ہوگئے جنہیں علاج کیلئے دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا ۔ اس دھماکے کے بعد علاقہ بھوانی نگر میں سنسنی پھیل گئی اور آج دن میں اس دھماکے کو لیکر پرانے شہر میں کئی افواہیں گشت کرنے لگی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ کم شدت والے بم سے ہوا ہے اور شبہ ہے کہ روڈ نمبر 1 بھوانی نگر کے رہائشی علاقہ سے متصل ریلوے پٹریوں یا چلتی ٹرین سے یہ بم پھینکا گیا ہوگا۔ شبہ کیا جاتا ہے کہ بم ٹاملناڈو میں تیار کیا گیا ہوگا، کیونکہ دھماکہ کے مقام سے دستیاب کاغذ پر ٹامل تحریر درج تھی۔

TOPPOPULARRECENT