Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / بھوانی نگر میں کمسن لڑکی کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت

بھوانی نگر میں کمسن لڑکی کے قتل کی تحقیقات میں پیشرفت

اہم سی سی ٹی وی فٹیج دستیاب، مقتولہ کے ساتھ موجود نوجوان کی تلاش
حیدرآباد 18 اگسٹ (سیاست نیوز) بھوانی نگر تالاب کٹہ میں پیش آئے 12 سالہ ھدیٰ بیگم کے بہیمانہ قتل کیس میں پولیس نے پیشرفت کرتے ہوئے ایک اہم سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے مشتبہ نوجوان کی تلاش شروع کردی ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ قتل کیس کی تحقیقات کررہی پولیس کی 6 خصوصی ٹیموں نے امان نگر (بی) میں واقع ایک مکان کے قریب نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمرہ کی ویڈیو ریکارڈنگ کا مشاہدہ کیا جس میں مقتولہ لڑکی کے ہمراہ ایک نوجوان کو بھی دیکھا گیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ نوجوان جس کی عمر 25 تا 30 سال کے درمیان ہونے کا شبہ ہے، چاکلیٹی رنگ کے شرٹ میں ملبوس پایا گیا۔ لیکن پولیس کو مشتبہ نوجوان کی شناخت کرنے میں کافی دشواریاں پیش آرہی ہیں کیونکہ ویڈیو ریکارڈنگ واضح نہیں ہے اور نوجوان کی شناخت نہیں ہوپارہی ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کو فارنسک ماہرین کی مدد عصری طریقہ سے دیکھنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ مشتبہ نوجوان کی شناخت کی جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کو ایک دستگیر نامی نوجوان کی بھی تلاش ہے جو 12 اگسٹ سے اچانک لاپتہ بتایا جاتا ہے جوکہ لڑکی کا اغواء و قتل اسی دن ہوا تھا۔ نوجوان کی تلاش کے لئے ایک ٹیم ظہیرآباد پہونچ چکی ہے لیکن وہاں اس کا پتہ نہیں چل سکا۔ واضح رہے کہ 12 سالہ ھدیٰ بیگم اُس وقت اچانک لاپتہ ہوگئی تھی جب وہ اپنے مکان سے ترکاری خریدنے گئی تھی۔ بعدازاں دو دن بعد اُس کی مسخ شدہ نعش اُسی علاقہ میں واقع ایک زیرتعمیر مکان کے سمپ سے دستیاب ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ پتہ چلا تھا کہ لڑکی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تحقیقاتی ٹیمیں دو زاویئے سے تحقیقات کررہی ہے جس میں بعض رشتہ داروں کو بھی شک کے دائرہ میں لیا گیا ہے اور چند مقامی آوارہ نوجوانوں پر بھی شبہ کیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی اس قتل کیس کی تحقیقات کی راست نگرانی کررہے ہیں۔ قبل ازیں آج ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیرمین مسٹر عابد رسول خان نے ھدیٰ بیگم کے قتل کا نوٹ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون اور انسپکٹر بھوانی نگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کیس سے متعلق تمام تفصیلات کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT