Monday , June 18 2018
Home / اضلاع کی خبریں / بھونگیر میں پانی کے مسئلہ کی یکسوئی کو اولین ترجیح

بھونگیر میں پانی کے مسئلہ کی یکسوئی کو اولین ترجیح

نومنتخب رکن اسمبلی شیکھر ریڈی کا عزم

نومنتخب رکن اسمبلی شیکھر ریڈی کا عزم

بھونگیر /18 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھونگیر کے نو منتخب ٹی آر ایس ایم ایل اے پی شیکھر ریڈی نے بھونگیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اور علاقہ کے ترقیاتی کاموں کو جو ادھورے رہ گئے ہیں، ان کی تکمیل کا وعدہ کیا۔ انھوں نے پریس میٹ میں کہا کہ بھونگیر ٹاؤن کے پینے کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے ماضی میں کرشنا کے پانی کو بھونگیر تک لایا گیا تھا، لیکن بدقسمتی سے یہ پانی شہریوں کو سربراہ کئے جانے کی بجائے علاقہ کی کمپنی کو سربراہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو کرشنا کے پانی کی فراہمی کے لئے نمائندگی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں بھونگیر اسمبلی حلقہ کو فلاحی کاموں کے ذریعہ ریاست بھر میں ماڈل حلقہ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام نے جس طرح ان پر اور ٹی آر ایس پر بھروسہ کرتے ہوئے انھیں منتخب کیا ہے، ہم عوام کے شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے جدوجہد کریں گے اور ہر وقت عوام کے درمیان رہتے ہوئے کے سی آر کی قیادت میں عوامی خدمت انجام دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کے نامکمل کاموں کو وہ ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کے علاوہ کسانوں کے مسائل پر بھی توجہ مرکوز کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ گوداوری سے شاہ میر پیٹ کے تالاب کو آنے والے پانی کو بھونگیر تک وسعت دیتے ہوئے یہاں کے تالابوں کو لبریز کرنے کی کوشش کی جائے گی اور پانی کا مسئلہ بہرصورت حل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بی بی نگر نمس ہاسپٹل کے نامکمل کاموں کی تکمیل کرتے ہوئے علاقہ کے عوام کو طبی سہولت فراہم کی جائے گی اور تعلیم و روزگار کے وسائل وغیرہ کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT