Sunday , November 19 2017
Home / Top Stories / بھوپال ۔ اجین پاسنجر ٹرین میں دھماکہ، 10 زخمی، دہشت گردی کا شبہ

بھوپال ۔ اجین پاسنجر ٹرین میں دھماکہ، 10 زخمی، دہشت گردی کا شبہ

Shajapur: Smoke erupts from a bogie after a blast in the Bhopal-Ujjain passenger train near Jabdi station in Shajapur district in Madhya Pradesh. PTI Photo(PTI3_7_2017_000026B)

شجاع پور 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع شجاع پور میں جابڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب بھوپال ۔ اجین پاسنجر ٹرین میں ایک دھماکے کے سبب کم سے کم 10 افراد زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے۔ بھوپال سے موصولہ اطلاع کے بموجب 3 افراد کو اس دھماکہ کے سلسلے میں گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جبکہ ریاستی وزیر داخلہ بھوپیندر سنگھ نے بم دھماکہ کو دہشت گرد کارروائی قرار دیا ۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب ریلوے نے ملک گیر سطح پر اپنے حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی ہے۔ اندور میں ریلوے پی آر او جیتندر کمار جیئنت نے کہاکہ صبح 9.30 اور 10 بجے کے درمیان اس ٹرین کے جنرل کوچ میں اس وقت دھماکہ ہوگیا جب وہ بھوپال سے اجین روانہ ہورہی تھی۔ بموں کو ناکارہ بنانے والا خصوصی دستہ فی الفور حادثہ کے مقام پر پہونچ گیا جو بھوپال سے 81 کیلو میٹر دور واقع ہے۔ اس دوران دھماکہ کی نوعیت اور وجہ کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جی آر پی اندور کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کرشنا وینی دیساوٹو نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’دھماکہ کے سبب کوچ کے چھت کو نقصان پہونچا ہے۔ لیکن تاحال ہمیں کوئی دھماکہ خیز مواد دستیاب نہیں ہوا‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’تاہم اس کوچ میں ایک سوٹ کیس دستیاب ہوا ہے اور بموں کا پتہ چلانے والی ٹیم اس کا معائنہ کررہی ہے۔ پی آر او نے کہاکہ دھماکہ میں دو کوچس کو نقصان پہونچا ہے جنھیں ٹرین سے علیحدہ کردیا گیا۔ بعدازاں یہ ٹرین اپنے آگے کے سفر پر روانہ ہوگئی۔ دو شدید زخمیوں کو بھوپال کے دواخانہ سے رجوع کیا گیا ہے۔ دیگر زخمیوں کا جائے حادثہ سے قریب واقع کالا پیپل ٹاؤن کے دواخانہ میں علاج کیا جارہا ہے۔ اجین کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مدھو کمار اور اتلام ریلوے ڈیویژن کے سینئر عہدیداروں نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا۔ مدھو کمار نے کہاکہ ’’متاثرہ کوچ کے مکمل معائنہ کے بعد ہی دھماکہ کی اصل وجہ کا علم ہوگا۔ اس ٹرین کی جنرل کوچ کی کانچ کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں جب یہ ٹرین جابڈی ریلوے اسٹیشن پہونچ رہی تھی۔

کالا پیپل اور شیہور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان جابڑی ریلوے اسٹیشن واقع ہے جہاں دھماکہ کے بعد ٹرین کو روک دیا گیا تھا۔ دھماکہ کے بعد کوچ میں دھواں بھر گیا تھا جس کے نتیجہ میں مسافرین میں خوف و سنسنی کی لہر دوڑ گئی اور وہ خود کو بچانے کے لئے دوڑنے لگے تھے۔
مقام حادثہ پر ایک امدادی ٹرین روانہ کی گئی۔ ریلوے نے مسافرین کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے کے لئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کی ہے جس کے نمبرس اجین : 0734-1072 اور 0734-60906 ، اندور : 0731-1072 ، 0731-2521044 ، رتلام : 07412-1072 ، ناگڈا : 07366-1072 ، بھوپال 0755-4001606 اور جیب گنج : 0755-4001603 ہیں۔ اس دوران مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے شجاع پور ضلع میں آج پیش آئے بھوپال ۔ اجین پاسنجر ٹرین دھماکے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ چوہان نے ڈائرکٹر جنرل پولیس، فارنسک ماہرین، اسپیشل ٹاسک فورس اور انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کو اس دھماکہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔ اُنھوں نے شدید زخمیوں کو فی کس 50,000 روپئے اور دیگر زخمیوں کو فی کس 25,000 روپئے کی مالی امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔

TOPPOPULARRECENT