Monday , November 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بھینسہ میں فرقہ پرستی کا خاتمہ، بھائی چارہ کو فروغ

بھینسہ میں فرقہ پرستی کا خاتمہ، بھائی چارہ کو فروغ

درگا نمرجن جلوس کے لئے مشاورتی اجلاس، ڈی ایس پی اے راملو کا خطاب

بھینسہ /18 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر کے دونوں طبقات کے عوام نے گزشتہ تہواروں گنیش وسرجن جلوس اور عید الاضحی ایک ہی دن آپسی بھائی چارگی، ملنساری اور پرامن طریقے سے مناتے ہوئے شہر میں گنگا جمنی تہذیب کی ایک نئی مثال قائم کی اور ریاست میں شہر کی ایک نئی پہچان بنائی۔ ان خیالات کا اظہار بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو اور سرکل انسپکٹر واسو دیو راؤ نے بھینسہ پولیس اسٹیشن کسان گلی میں منعقدہ درگا دیوی کمیٹیوں کے ذمہ داران کے ہمراہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شہر کا نوجوان طبقہ تعلیم سے ہم آہنگ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے شہر سے فرقہ پرستی کا خاتمہ ہو رہا ہے، جو ایک خوش آئند بات ہے۔ انھوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ شہر میں 23 اکتوبر بروز جمعہ درگا دیوی نمرجن جلوس پرامن طریقے سے نکالنے اور شہر میں بھائی چارگی اور امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھتے ہوئے شہر سے فرقہ پرستی کا خاتمہ کیا جائے۔ بھینسہ ڈی ایس پی نے شہر کی درگا کمیٹیوں کے ذمہ داروں سے نمرجن جلوس کے اوقار اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ جلوس کے دوران ڈی جے کا استعمال نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کے وزیر اعلی نے ڈی جے کے استعمال پر سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی ہے، لہذا کسی بھی صورت میں اس کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ڈی جے استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے ڈی جے رکھنے والی گاڑیوں کو ضبط کئے جانے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ درگا نمرجن جلوس کے دوران صرف دو عدد ساؤنڈ باکس کا استعمال کیا جائے اور دیگر مذاہب کا احترام کرتے ہوئے مسجد پنجہ شاہ کے اطراف و اکناف متنازعہ گیت بجانے سے پرہیز کیا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ جلوس کے موقع پر شہر میں پولیس کی جانب سے سخت اور وسیع تر صیانتی انتظامات کئے جائیں گے اور مزید پولیس فورس طلب کی جائے گی۔ انھوں نے گزشتہ تہواروں گنیش وسرجن جلوس اور عید الاضحی کے موقع پر پولیس کے صیانتی انتظامات کو سراہتے ہوئے بھینسہ سرکل انسپکٹر واسو دیو راؤ، سب انسپکٹران عبد النظیر، پروین کمار اور سرپور ٹاؤن ایس آئی راما راؤ کی ستائش کی۔ اس موقع پر بھینسہ کے سب انسپکٹران بی شنکر، پروین کمار اور عبد النظیر کے علاوہ درگا دیوی کمیٹیوں کے ذمہ داران وینو، وجے، بھیم چندرے رکن بلدیہ بی جے پی اور دیگر بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT