Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / بہار اسمبلی انتخابات کا آج تیسرا مرحلہ

بہار اسمبلی انتخابات کا آج تیسرا مرحلہ

PATNA, OCT 27 (UNI):-Polling officials carrying EVMs on the eve of the 3rd phase of Bihar assembly polls in Patna on Tuesday. UNI PHOTO-74u

لالو پرساد کے فرزندان امیدوار نتیش کمار کے آبائی ضلع میں بھی رائے دہی
پٹنہ 27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) عظیم سیکولر اتحاد اور این ڈی اے کے درمیان تہوار کے مختصر وقفہ کے بعد دوبارہ سخت مسابقت شروع ہوگئی ہے۔ کل 50 اسمبلی نشستوں کے لئے رائے دہی مقرر ہے۔ پورے ملک کی نظریں ان 50 نشستوں کے لئے رائے دہی پر مرکوز ہیں۔ لالو پرساد کے دو فرزند آج کی رائے دہی میں مہوا اور راگھوپور سے انتخابی میدان میں ہیں۔ تیسرے مرحلہ کی رائے دہی لالو پرساد کے سیاسی گڑھ سارن کا بھی احاطہ کرے گی جہاں 10 اسمبلی نشستیں ہیں۔ علاوہ ازیں نالندہ میں بھی رائے دہی ہوگی جو چیف منسٹر نتیش کمار کا آبائی ضلع ہے۔ تیسرے مرحلہ کی 50 نشستیں پٹنہ، ویشالی، سارن، نالندہ، بکسر اور بھوجپور اضلاع میں پھیلی ہوئی ہیں۔ جملہ 14170 رائے دہی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 6747 کو حساس اور 1909 کو دائیں بازو کے انتہا پسندوں کے زیراثر قرار دیا گیا ہے۔ تمام مراکز رائے دہی پر مرکزی فورسیس تعینات کی گئی ہیں۔ تیج پرتاپ یادو اور تیجیشوی یادو جو لالو پرساد کے فرزند ہیں، دیگر ممتاز سیاستداں جن کے سیاسی مقدر کا کل فیصلہ ہوجائے گا، اُن میں بی جے پی قائد (پٹنہ صاحب کے) نندکشور یادو، وزراء شیام راجک اور شراون کمار، پھلواری اور نالندہ سے امیدوار ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر امریندر پرتاپ سنگھ آرا سے اور بی جے پی کے ریاستی چیف وہپ ارون کمار سنہا، کمبرار سے انتخابات میں مقابلہ کررہے ہیں۔ جملہ 3228 مبصرین اور 50 عام مبصرین، 18 تنخواہ دار مبصرین، 6 پولیس مبصرین اور 6 بیداریٔ شعور مبصرین تعینات کئے جائیں گے۔ مرکزی نیم فوجی فورسیس کی 1107 کمپنیاں ریاستی پولیس کے علاوہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لئے تعینات کی جارہی ہیں۔ 50 گھڑسوار پولیس ملازمین عام علاقوں میں، 47 موٹر بورڈ سوار پولیس ملازمین، دریائی علاقوں میں طلایہ گردی کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ رائے دہی کا آغاز 7 بجے صبح ہوگا اور اختتام 10 حلقوں میں 4 بجے اور باقی 40 حلقوں میں 5 بجے شام ہوگا۔ 5 ہیلی کاپٹرس اور ڈرون طیارے تیسرا مرحلہ کی رائے دہی پر نگرانی کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ 81 نشستوں پر رائے دہی پہلے دو مرحلوں میں 12 اور 16 اکٹوبر کو پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے۔ مزید دو مرحلوں کی رائے دہی یکم اور 5 نومبر کو مقرر ہے۔ نتائج کا اعلان 8 نومبر کو کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT