Thursday , December 14 2017
Home / سیاسیات / بہار اسمبلی انتخابات کیلئے مبصرین کا اجلاس

بہار اسمبلی انتخابات کیلئے مبصرین کا اجلاس

ناجائز دولت اور شراب کی تقسیم کے خلاف لائحہ عمل
نئی دہلی ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : الیکشن کمیشن نے تقریبا 50 انتخابی مبصرین کے ساتھ ایک روزہ طویل اجلاس طلب کیا ہے تاکہ بہار کے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں ناجائز دولت اور دیگر حربوں کی روک تھام کی جاسکے ۔ نئی دہلی میں 16 ستمبر کو منعقد ہونے والی کانفرنس سے چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی اور دیگر کمشنرس اے کے جیوتی اور پی راوت مخاطب کریں گے ۔ بعد ازاں انتخابی مبصرین کو پرٹوکول اور انتخابی مصارف پر نگرانی کے طریقہ کار سے واقف کروایا جائے گا تاکہ انتخابی دھاندلیوں کا بروقت پتہ چلا کر سدباب کیا جاسکے ۔ ایک سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بہار انتخابات کے لیے 80 مبصرین کو نامزد کیا ۔ جن میں اکثریت 48 عہدیداروں کی انڈین ریونیو سرویس ( انکم ٹیکس ) سے ہے اور مذکورہ اجلاس میں مبصرین کو حلقوں کا الاٹمنٹ کیا جائے گا ۔ یہ مبصرین نہ صرف بلیک منی ( ناجائز دولت ) ، شراب کی تیاری ، تقسیم اور ذخیرہ اندوزی کا پتہ چلائیں گے بلکہ فلائنگ اسکواڈ اور ویڈیو سرویلنس ٹیمس کی رہنمائی کریں گے ۔ علاوہ ازیں میڈیا میں پیڈ نیوز کی شکایات کا بھی جائزہ لیں گے ۔ جب کہ الیکشن کمیشن نے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ اندرا گاندھی بین الاقوامی طیرانگاہ اور پٹنہ اور رانچی ایرپورٹ پر بھی انٹلی جنس یونٹس کو چوکس کردیا جائے تاکہ انتخابات کے دوران فضائی راستوں کے ذریعہ رقومات کی منتقلی کی روک تھام کی جاسکے ۔ مرکزی وزارت فینانس کے زیر انتظام بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں سے کہا گیا ہے کہ بھاری رقومات نکالنے اور مشتبہ لین دین کی صورت میں ریاستی ہیڈکوارٹر اور چیف الکٹورل آفیسر کو مطلع کیا جاسکے ۔ واضح رہے کہ بہار اسمبلی کے 243 نشستوں کے لیے 5 مرحلوں میں رائے دہی 12 اکٹوبر سے شروع ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 8 نومبر کروائی جائے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT