Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / بہار : سیاستدانوں کے بیٹوں، رشتے داروں کا ملا جلا مظاہرہ

بہار : سیاستدانوں کے بیٹوں، رشتے داروں کا ملا جلا مظاہرہ

پٹنہ ، 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے حالیہ اختتام پذیر چناؤ میں سیاست دانوں کے بیٹوں اور قریبی رشتے داروں کیلئے انتخابی قسمت کا معاملہ ملا جلا رہا، جیسا کہ صدر آر جے ڈی لالو پرساد کے دو فرزندان اور عظیم سکیولر اتحاد سے بعض دیگر کے بیٹے بھی کامیاب ہوئے جبکہ این ڈی اے سے تعلق رکھنے والوں کا معاملہ بری طرح ناکام ہوگیا۔ آر جے ڈی کے تیج پرتاپ اور تیجسوی یادو جو سابق چیف منسٹر بہار لالو پرساد کے دو بیٹے ہیں اور جنھوں نے ضلع ویشالی میں ترتیب وار مہوا اور راگھوپور حلقوں سے اپنا انتخابی کریئر شروع کیا، وہ بہ آسانی جیت گئے۔ تیجسوی نے اپنی فتح کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ’’وزیراعظم نریندر مودی نے لالو پرساد کے تعلق سے قابل اعتراض ریمارک کیا تھا کہ اُن کا مقصد اپنے بیٹوں اور بیٹی کے قدم سیاست میں جمانا ہے۔ جہاں عوام نے مجھے اور میرے بھائی کو منتخب کیا، کیوں این ڈی اے قائدین کے فرزندان اور قریبی رشتے دار ووٹروں کی تائید جیتنے میں ناکام ہوگئے؟‘‘ آر جے ڈی میں سابق دربھنگہ ایم پی ایم اے اے فاطمی کے فرزند محمد فراز دربھنگہ میں کیوتی نشست سے جیت گئے۔ جے ڈی (یو) میں سابق وزیر محمد تسلیم الدین کے فرزند سرفراز عالم نے اراریا میں جوکیہاٹ نشست حاصل کرلی۔ اسی طرح عظیم اتحاد کے لیڈروں کے کئی دیگر بیٹوں اور قریبی رشتے داروںنے بھی جیت حاصل کی۔ اس کے برعکس بی جے پی کے بکسر ایم پی اشونی چوبے کے فرزند اریجیت سشونت بھاگلپور نشست اپنی کانگریسی حریف کے مقابل ہار گئے، جنھیں ہمیشہ اریجیت کے والد نے شکست دی تھی۔ سابق مرکزی وزیر سی پی ٹھاکر کے فرزند ویویک ٹھاکر برہامپور (بکسر) میں ہارے۔ یہی حشر بی جے پی کی حلیف جماعتوں کے رشتے داروں کا بھی ہوا ۔ صدر ایل جے پی رام ولاس پاسوان کے چھوٹے بھائی پشوپتی کمار پارس محفوظ نشست الاؤلی سے ناکام ہوئے۔ پاسوان کے دامادوں انیل کمار سادھو اور مرنال بھی ہارگئے۔ ایک اور ایل جے پی ایم پی محمود علی قیصر کے فرزند یوسف خان کو بھی سِمری بختیارپور میں فیملی کی نشست پر شکست ہوگئی۔ ہندوستانی عوامی مورچہ میں جیتن رام مانجھی کے فرزند سنتوش کمار سمن بھی محفوظ نشست سے ناکام ہوئے۔ ریاستی صدر ایچ اے ایم شکونی چودھری اور ان کے فرزند راجیش کمار بھی یہ الیکشن ہارے ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT