Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / بہار سیلاب متاثرین میں 40 ٹن سے زائد ریلیف اشیاء کی تقسیم

بہار سیلاب متاثرین میں 40 ٹن سے زائد ریلیف اشیاء کی تقسیم

 

l 800 سے زائد پریشان حال شہریوں کی مدد
l جناب زاہد علی خاں اور شہریان حیدرآباد کو دعائیں

حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہریان حیدرآباد ، روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ نے سیلاب کی تباہ کاریوں کے درمیان ہماری جو مدد کی ہے ، ہمارے آنسوؤں کو پونچھا ہے ، ہمارے رنج و الم کے زخموں پر اخوت ہمدردی و انسانیت کا جو مرہم رکھا ہے ہمارے بلبلاتے پریشان حال خاندانوں کی جو مدد کی ہے اس کے لیے ہم بارگاہ رب العزت میں صرف دعا ہی کرسکتے ہیں ۔ اللہ تعالی اس کا اجر رحمدل انسانوں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، ان کے ارکان خاندان ، فیض عام ٹرسٹ اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین کو ضرور دے گا ۔ شہریان حیدرآباد کو اس بات کے لیے اللہ کا شکریہ ادا کرنا چاہئے کہ اللہ نے انہیں ہر مصیبت زدہ کی مدد کی توفیق عطا فرمائی ہے جو ایک بہت بڑا انعام و اعزاز ہے ۔ ان خیالات کا اظہار بہار کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام نے کیا ہے ۔ بہار کے کم از کم 17 اضلاع حالیہ سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 514 افراد فوت ہوئے ہیں جب کہ زبردست مالی نقصان بھی ہوا ہے ۔ غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 4000 سے زائد افراد سیلاب کی نذر ہوگئے ۔ بے شمار بستیاں اجڑ گئیں ۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ۔ مکانات بنیادوں سے ہٹ گئے ۔ سیمانچل اور دوسرے مسلم اکثریتی علاقہ شدید متاثر ہوئے ۔ سب سے پہلے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے ابتدائی راحت کاری کے طور پر 5 لاکھ روپئے مالیتی ادویات ، گرم بستر ، ملبوسات وغیرہ روانہ کئے ۔ متاثرہ علاقوں میں اس ریلیف کی تقسیم حلقہ اسمبلی کوچا دمامن کی نمائندگی کرنے والے ایم ایل اے مجاہد عالم کی نگرانی میں عمل میں آرہی ہے ۔ تاحال سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے 40 ٹن امدادی سامان روانہ کیا ہے جو ادویات ، بلانکٹس ، غیر مستعملہ ملبوسات ( مردانی ، زنانی ، بچکانی وغیرہ ) لباس عروسی ، کھانے پینے کی اشیاء بشمول چاول ، دودھ کا پاوڈر ، دالیں وغیرہ پر مشتمل ہے ۔ جناب مجاہد عالم نے راقم الحروف کو بتایا کہ سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے جو 40 ٹن سامان ملبوسات ادویات روانہ کی گئیں ان کی اب تک 8000 سے زائد متاثرین میں تقسیم عمل میں آئی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کی قیادت میں ایک ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا اور پھر وہاں مسلم اکثریتی علاقوں میں اسکولس اور خواتین و لڑکیوں کے لیے فنی کورسیس کے مراکز کھولنے کا اعلان کیا ۔ جناب مجاہد عالم ایم ایل اے نے بتایا کہ وہ ان اسکولس اور تربیتی مراکز کے لیے اراضی کی نشاندہی کرنے والے ہیں ۔ امید ہے کہ بہت جلد اسکول اور تربیتی مرکز کا آغاز ہوگا ۔ واضح رہے کہ جناب مجاہد عالم دو میعادوں سے عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔ یہ بات بھی نوٹ کرنے کے قابل ہے کہ حیدرآباد کے غیر مسلم تاجرین پارچہ نے بھی اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور غیر مستعملہ قیمتی ملبوسات بطور عطیہ پیش کئے ۔

TOPPOPULARRECENT