Monday , December 11 2017
Home / ہندوستان / بہار میںحکمراں جماعت کے لیڈر کا مفرور لڑکا گرفتار

بہار میںحکمراں جماعت کے لیڈر کا مفرور لڑکا گرفتار

گیا۔/10مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکمران جنتا دل متحدہ کی رکن قانون ساز کونسل ( ایم ایل سی ) منورما دیوی کے فرزند راکیش رنجن یادو عرف راکی یادو کو آج اس کے والد کے مکسر پلانٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔ جس پر ایک 20سالہ نوجوان کو اوور ٹیک کرنے کے تنازعہ پر گولی ماردینے کا الزام ہے۔ پولیس نے جرم میں مستعملہ ہتھیار کو بھی ضبط کرلیا ہے۔ سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ گریما ملک نے بتایا کہ اصل ملزم راکی یادو کو اس کے والد کے مکسر پلانٹ واقع مستوپورہ گاؤں بودھ گیا پولیس اسٹیشن سے پستول کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا۔ اگرچیکہ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ راکی نے اقبال جرم کرلیا ہے۔ جسے نقاب پہنا کر میڈیا کانفرنس میں پیش کیا گیا لیکن چند منٹوں بعد راکی یادو نے اپنے آپ کو بے قصور قرار دیا اور جرم میں ملوث ہونے سے انکار کردیا ۔ راکی نے میڈیا سے کہا کہ میں دہلی میں تھا، میری والدہ کی ہدایت پر اپنے آپ کو پولیس سپرنٹنڈنٹ کے روبرو پیش ہوگیا۔ میں نے کسی پر بھی فائرنگ نہیں کی اور عدالت میں مکمل تفصیلات بتاؤں گا۔ واضح رہے کہ ضلع گیا میں پولیس لائنس کے قریب ہفتہ کی شب راکی یادو نے اپنی گاڑی سے آگے جانے پر حالت برہمی میں 20سالہ نوجوان آدتیہ سچدیو کی کار کو روک دیا اور بحث و تکرار کے بعد گولی مار کر فرار ہوگیا۔ راکی کے والد اس علاقہ میں دولت اور طاقت کی وجہ سے مشہور ہیں جبکہ اس کی والدہ قانون ساز ادارہ کی رکن ہیں۔

TOPPOPULARRECENT