Thursday , December 14 2017
Home / سیاسیات / بہار میں جنتادل (یو) ۔ آر جے ڈی بحران برقرار

بہار میں جنتادل (یو) ۔ آر جے ڈی بحران برقرار

تیجسوی نے الزامات کی وضاحت نہیں کی، نتیش کمار سے ملاقات کے بعد بھی پیشرفت نہ ہوسکی
پٹنہ ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں جاری سیاسی بحران ختم ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔ چیف منسٹر نتیش کمار اور ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی کی بند کمرہ میں ملاقات ہوئی لیکن جاری کشیدگی کو کم کرنے میں کوئی مدد نہیں ملی۔ آر جے ڈی اور جنتادل یو نے اپنا موقف مزید سخت کرلیا ہے۔ جنتادل (یو) نے آر جے ڈی کے ان دعوؤں کو یکسر مسترد کردیا کہ تیجسوی نے کرپشن کے الزامات کا سامنا کررہے مقدمہ کے سلسلہ میں اپنا موقف نتیش کمار کے روبرو واضح کردیا اور اس معاملہ کی یکسوئی ہوچکی ہے۔ جنتادل (یو) کے ترجمان نیرج کمار نے آج بتایا کہ نتیش کمار اور تیجسوی کے مابین بات چیت کی تفصیلات کا کسی کو علم نہیں ہے۔ جو کوئی یہ دعویٰ کررہا ہیکہ بحران کی یکسوئی کرلی گئی ہے، وہ غلط ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنتادل (یو) نے تیجسوی سے بعض جوابات طلب کئے تھے لیکن لالو پرساد یادو نے شیوانند تیواری کو یہ ذمہ داری سونپی اور کہا کہ ان کے بیٹے کی طرف سے وہ جوابدہ ہے کیونکہ تیواری ایک غیرسیاسی شخص ہے۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ آخر تیواری کو تیجسوی کا نمائندہ کیوں بنایا گیا۔ جنتادل (یو) لیڈر نے بتایا کہ شیوانند تیواری راجیہ سبھا کی نشست حاصل کرنے کیلئے بے چین ہیں اور وہ لالو پرساد کیلئے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2015ء میں عظیم تر اتحاد کو یقینی بنانے کیلئے جنتادل (یو) نے نشستوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی کو اس حقیقت کا اندازہ ہونا چاہئے۔ مہا گٹھ بندھن میں نشستوں کے اعتبار سے آر جے ڈی ’’ببر ۔ شیر‘‘ ہوسکتی ہے لیکن اخلاقی اقدار کے اعتبار سے ہم ’’ببر ۔ شیر‘‘ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنتادل (یو) کا ابتداء سے یہی موقف رہا ہیکہ تیجسوی کے خلاف جو الزامات عائد کئے گئے ہیں انہیں اس کی وضاحت کرنی چاہئے۔ اس کے برعکس بہار اسمبلی میں 80 ارکان ہونے کی بناء ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار نہ کیا جائے۔ واضح رہیکہ بہار اسمبلی میں جنتادل (یو) ارکان کی تعداد 71 اور کانگریس ارکان کی تعداد 27 ہے۔ اسمبلی میں بی جے پی اصل اپوزیشن ہے جس کے ارکان کی تعداد 53ہے۔

مرکزی محکمہ جات میں 4.2 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ
نئی دہلی ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی محکمہ جات نے 4.2 لاکھ سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ منسٹرآف اسٹیٹ پرسونل جتندر سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہاکہ مختلف وزارتوں اور محکمہ جات میں جملہ منظورہ 36,49,468 جائیدادوں میں اس وقت مخلوعہ جائیدادیں 4,20,547 ہے

TOPPOPULARRECENT