Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / بہار میں عظیم اتحاد کی کامیابی پرکانگریس کے حوصلے بلند، ورنگل میں قومی قائدین کی انتخابی مہم

بہار میں عظیم اتحاد کی کامیابی پرکانگریس کے حوصلے بلند، ورنگل میں قومی قائدین کی انتخابی مہم

غلام نبی آزاد، سشیل کمار شنڈے، سچن پائیلٹ اور میرا کمار کو ورنگل میں مہم چلانے ہائی کمان کی ہدایت
حیدرآباد /11 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے قومی قائدین ڈگ وجے سنگھ، غلام نبی آزاد، سشیل کمار شنڈے، سچن پائیلٹ، میرا کمار اور دیگر قائدین 14 تا 19 نومبر ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدوار سروے ستیہ نارائنا کے حق میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ بہار میں عظیم اتحاد کی شاندار کامیابی کے بعد کانگریس کے حوصلے بلند ہیں، جو بی جے پی اور ٹی آر ایس حکومتوں سے عوامی ناراضگی کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں تلنگانہ پردیش کانگریس کے ارکان ہائی کمان سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں اور ورنگل کی انتخابی مہم میں ساری توانائی صرف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے نامزد کئے گئے تمام اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کو اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں 14 اور 15 نومبر کو اے آئی سی سی ایس سیل کے صدر نشین کے راجو، 15 اور 16 نومبر کو انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ، 15 نومبر کو لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار،  16 نومبر کو سابق مرکزی وزیر سچن پائیلٹ اور 19 نومبر کو قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد کے دوروں کو قطعیت دی گئی ہے، جب کہ قائد اپوزیشن لوک سبھا ملکا ارجن کھرگے اور فلم اسٹارس راج ببر و نغمہ کو انتخابی مہم کا حصہ بنانے کی کوشش جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کانگریس پارٹی اپنے انتخابی مہم کے آخری دن بہت بڑے جلسہ عام کے انعقاد پر سنجیدگی سے غور کرنے کے علاوہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی ناکامیوں کو منظر عام پر لانے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT