Saturday , November 18 2017
Home / Top Stories / بہار میں مکمل نشہ بندی کا نفاذ: چیف منسٹر کا اعلان

بہار میں مکمل نشہ بندی کا نفاذ: چیف منسٹر کا اعلان

جزوی پابندی پر عوام کے غیر معمولی ردعمل کے بعد ریاستی حکومت کا فیصلہ
پٹنہ ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہار میں یکم اپریل سے جزوی نشہ بندی کے نفاذ کے بعد نتیش کمار حکومت نے آج یہ فیصلہ کیا ہے کہ شہروں اور ٹاونس میں بھی مکمل پابندی عائد کردی جائے ۔ کابینہ اجلاس کے بعد چیف منسٹر نتیش کمار نے بتایا کہ میونسپل اور ٹاون کونسل کے حدود میں بھی دیسی ساختہ بیرونی شراب پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اگرچیکہ نتیش کمار حکومت نے یکم اپریل سے دیہی علاقوں میں دیسی شراب کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی ہے لیکن ٹاونس اور شہروں میں بیرونی ساختہ شراب کے فروخت کی اجازت دیدی تھی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نشہ بندی کے نفاذ کے صرف 4 دن میں عوام بالخصوص خواتین اور بچوں نے زبردست ردعمل ظاہر کیا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست بھر میں شراب نوشی کے خلاف ماحول سازگار ہوگیا ۔ ان حالات میں حکومت نے مکمل نشہ بندی کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم چیف منسٹر نے یہ وضاحت کی کہ عوام کو نیرا ( کھجور کے درخت کا مشروب ) استعمال کرنے کی طلوع آفتاب سے قبل اجازت رہے گی لیکن تاڑی ( سیندھی ) طلوع آفتاب کے بعد استعمال پر پابندی رہے گی ۔چیف منسٹر نے کہا کہ اب ریاست میں شراب کی فروخت اور استعمال کیلئے کوئی لائسنس جاری نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ فوجی کنٹونمنٹ علاقوں کو اس سے استثنی حاصل رہے گا ۔

TOPPOPULARRECENT