Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / بہار میں وزیراعظم مودی کی کانگریس پر تنقید، نتیش کی ستائش

بہار میں وزیراعظم مودی کی کانگریس پر تنقید، نتیش کی ستائش

تین بڑے ریلوے پراجکٹوں کا افتتاح ۔ مودی اور نتیش کا باہمی گرمجوشی کا مظاہرہ
حاجی پور ؍ نئی دہلی ، 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کانگریس کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے اسے آزادی کے بعد سے بہار کی ترقی کو نظرانداز کردینے کا مورد الزام ٹھہرایا اور چیف منسٹر نتیش کمار کی این ڈی اے کے ساتھ ماضی کی وابستگی کو یاد کیا جبکہ انھوں نے یہاں متعدد ریلوے پراجکٹوں کا افتتاح کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ پراجکٹ کا افتتاح تب ہوا تھا جب نتیش کمار وزیر ریلوے اور اٹل بہاری واجپائی وزیراعظم تھے۔ اس وقت کے خواب کی اب تکمیل ہورہی ہے۔ اگر اسے گزشتہ 10 سال میں نظرانداز نہ کیا گیا ہوتا اور اس کیلئے معمول کے بجٹ کے تحت بھی کام شروع ہوجاتا تو یہ چھ، سات سال میں مکمل ہوجاتا۔ مودی نے ان الفاظ کے ساتھ حاجی پور میں نوتعمیر شدہ دیگھا۔ سونے پور ریل ۔ روڈ برج کو قوم کے نام معنون کیا، جسے ملک کا طویل ترین پل بتایا گیا ہے۔ مودی نے جن کا ماضی میں نتیش کے ساتھ پیچیدہ تعلق رہا ہے، اس موقع پر سیاسی رقابت کو بالائے رکھتے ہوئے چیف منسٹر بہار کی تعریف و ستائش کی کہ وہ بہار میں مرکز کی دیہی علاقوں میں برقی سربراہی سے متعلق اسکیم کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اور حکومت بہار فیصلہ کن انداز میں کام کرتے رہیں تو ہم کام کو تیزی سے پورا کرتے ہوئے بہار کو فخریہ ریاست بناسکتے ہیں۔ نتیش کی طرف سے بھی مودی کے تئیں گرمجوشی دیکھنے میں آئی۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ انھیں مکمل اعتماد ہے کہ مرکزی حکومت بہار کے پراجکٹوں کیلئے اپنی منظوری دے گی۔ اور اب چونکہ آپ (مودی) آئے ہیں، میرے توقع بڑھ چکی ہے۔ آپ انتخابات کے بعد یہاں (بہار کو) پہلی مرتبہ آئے ہیں۔ ’’میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ بہار کو آتے رہیں تاکہ اس کی ترقی کی رفتار برقرار رہے۔ بہار کی ترقی کے بغیر قوم کی ترقی ممکن نہیں ہے۔‘‘ نتیش کی تقریر کے دوران ہجوم کے گوشہ سے ’مودی، مودی‘ کے پُرشور نعرے بلند ہونے لگے۔ اس پر مودی نے اپنی نشست سے اُٹھ کر شہ نشین سے سامعین کو خاموش رہنے کی ترغیب دی۔

TOPPOPULARRECENT