Monday , August 20 2018
Home / ہندوستان / بہار کے امتحانی مراکز میں جوتے اور موزے پر امتناع

بہار کے امتحانی مراکز میں جوتے اور موزے پر امتناع

پٹنہ 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بہار اسکول اگزامنیشن بورڈ (بی ایس ای بی) نے جاریہ ماہ منعقد ہونے والے میٹرک امتحانات دینے والے طلباء و طالبات کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ امتحان دینے والے طلبہ امتحان گاہ میں جوتے اور موزے پہن کر نہ آئیں۔ بجائے اس کے وہ سلیپر کا استعمال کریں۔ یہ پابندی امتحانات میں نقل نویسی کو روکنے کے لئے عائد کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جاریہ ماہ کی 31 تاریخ سے میٹرک کا امتحان مقرر ہے۔ گزشتہ روز متعلقہ عہدیداروں کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں یہ بات بتائی گئی۔ بی ایس ای بی چیرمین آنند کشور نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی ہدایات ماضی میں بھی مسابقتی امتحانات دینے والے طلبہ کیلئے جاری کی جاچکی ہیں اور اب میٹرک امتحان دینے والے طلبہ کے لئے بھی ان ہدایات پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ اس طرح کے اقدامات کا مقصد دوران امتحان نقل نویسی اور گڑبڑی کو روکنے کے لئے کیا جارہا ہے۔ چونکہ اس سے پہلے امتحانات کے دوران ضلع ویشالی میں اولیائے طلبہ اور اُن کے رشتہ داروں نے بھی نقل نویسی کیلئے امتحانی مراکز کی عمارتوں پر چڑھ کر اُن کی مدد کی تھی جس سے پوری ریاست کی بدنامی ہوئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT