Tuesday , April 24 2018
Home / جرائم و حادثات / بہنوئی کے قاتل برادر نسبتی اور سسرالی رشتہ دار گرفتار

بہنوئی کے قاتل برادر نسبتی اور سسرالی رشتہ دار گرفتار

بہن سے لو میاریج کا انتقام، ملزمین جیل منتقل
حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) عنبرپیٹ پولیس نے بہنوئی کے قتل میں ملوث برادر نسبتی اور دیگر سسرالی رشتہ داروں کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ ستیش گوڑ کی لو میریج 7 سال قبل کے ہیما بندو سے ہوئی تھی اور انھیں دو بچے بھی ہیں۔ لڑکی کے رشتہ دار اِس شادی کے خلاف تھے اور آئے دن سسرالی رشتہ داروں اور مقتول کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ جاریہ سال 14 مارچ کو ہیما بندو کی بڑی بہن کی شادی طے ہوئی تھی لیکن اُس کی بڑی بہن نے شادی سے انکار کرتے ہوئے دلسکھ نگر میں واقع لیڈیز ہاسٹل میں داخلہ لے لیا تھا۔ اس بات کا پتہ چلنے پر 5 اپریل کو ہیما بندو اپنے شہر ستیش گوڑ کے ہمراہ بڑی بہن سے ملاقات کے لئے لیڈیز ہاسٹل پہونچی تھی کہ وہاں پہلے سے موجود اُس کے بھائی وینکٹیش یادو اور چچا سریش یادو نے برہمی کا اظہار کیا اور ستیش گوڑ کو جبراً آٹو میں ملک پیٹ کی سمت لے کر چلے گئے۔ ہیما بندو نے آٹو کا تعاقب کیا اور اپنے شوہر کو تلاش کرنے لگی تھی کہ چند گھنٹوں بعد یہ معلوم ہوا کہ ستیش کی نعش گول ناکہ عنبر پیٹ میں دستیاب ہوئی ہے۔ اِس سلسلہ میں پولیس نے قتل اور اغواء کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور شواہد کی بنیاد پر اِس قتل میں ملوث کے وینکٹیش یادو، کے سریش یادو اور دیگر ساتھیوں ڈی راجو اور آر سنتوش کمار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ آٹو میں اغوا کرنے کے بعد سریش یادو نے اپنی اسکارپیو کار میں علی کیفے چوراہے عنبرپیٹ میں ستیش گوڑ کو منتقل کیا اور راستے میں ہی رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور بعدازاں شانتی نگر مین روڈ پر نعش پھینک کر وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔

TOPPOPULARRECENT