Wednesday , December 13 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بیدر میں گرونانک دیوجی مہاراج کے جنم اتسو کا انعقاد

بیدر میں گرونانک دیوجی مہاراج کے جنم اتسو کا انعقاد

بیدر۔15نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرونانک دیو جی مہاراج کا 547واں جنم اُتسو عقیدت و احترام اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ احاطہ گرونانک شری نانک جھرہ صاحب ، بیدر میں منایا گیا ۔ پروگرام کے مطابق13 نومبرکی درمیانی شب مقدس گرو گرنتھ صاحب کی پرکاش کے ساتھ تقاریب کا آغاز عمل میں آیا۔ حضوری راگی جتھے کی جانب سے کیرتن کی پیشکشی کے بعد دعائے اجتماع منعقد ہوا ۔پربندھک کمیٹی گرووارہ سری نانک جھرہ  صاحب بیدر کے زیرِ اہتمام  سری سکھ منی صاحب کا پاٹھ اور بھائی  ترلوک سنگھ جی راگی جگ دھاری والے نے کیرتن پیش کیا ۔صبح 6بجے حضوری راگی جتھے کی جانب سے گربانی کیرتن کے بعد اکھنڈ پاٹھ کی سماپتی عمل میں آئی ۔اس کے علاوہ گرونانک دیو پبلک اسکول اور گرونانک دیو انجینئرنگ کالج کے طلباء اور ایر فورس سنگت کے علاوہ استری ست سنگھ گرونانک جھرہ صاحب بیدر نے کیرتن پیش کیا ۔آنند صاحب کے دعائیہ اجتماع کے بعد دیوان کی سماپتی عمل میں آئی ۔سہ پہر تین بجے نگر کیرتن برآمد ہوا جو گرودوارہ احاطہ سے گزرتا ہوا نیو بس اسٹانڈ روڈ ‘اکا مہادیوی کالج روڈ‘جنرل کریپا  چوک ‘سیول اسپتال روڈ ‘ امبیڈ کر سرکل ‘شیواجی چوک  اور موہن مارکیٹ سے واپس نشا ن صاحب پہاڑی گرونانک کالونی بیدر پہنچا۔دورانِ جلوس آندھرا پردیش ‘مہاراشٹرا اور تلنگانہ سے آئے ہوئے مقد س نشان صاحب سکھ مذہبی قائدین اپنے ہاتھوں میں اُٹھائے ہوئے تھے۔نگر کیرتن سے قبل حسبِ روایت قدیم احاطہ گرودوارہ میں گرو کے لنگر کا اہتمام کیا گیا۔جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے حصہ لیا۔سردار بلبیر سنگھ صدر گرونانک جھرہ فائونڈیشن و صدر گرونانک جھرہ صاحب بیدر نے جلوس کی قیادت کی ۔سردار دربارہ سنگھ ‘سردار پویت سنگھ اور سردار پونیت سنگھ نے انتظامات کی نگرانی کی ۔

TOPPOPULARRECENT