Friday , April 20 2018
Home / شہر کی خبریں / بیرونی مہمانوں کو مچھروں سے بچانے جنگی پیمانہ پر مہم

بیرونی مہمانوں کو مچھروں سے بچانے جنگی پیمانہ پر مہم

گلوبل انٹرپرینر شپ سمٹ
بیرونی مہمانوں کو مچھروں سے بچانے جنگی پیمانہ پر مہم
حیدرآباد 23نومبر (یواین آئی )گلوبل انٹرپرینر شپ سمٹ میں شرکت کے لئے شہر حیدرآباد آنے والے بیرونی مہمانوں کو مچھروں سے بچانے کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی) کی جانب سے جنگی پیمانہ پر مہم شرو ع کی گئی ہے ۔ اس سمٹ میں شرکت کرنے والے شرکاء کے اعزاز میں تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں کھلے مقام پر ڈنر کا اہتمام کیاجائے گا ، حکومت ان اہم شخصیتوں کو مچھروں سے بچانا چاہتی ہے کیونکہ ان شرکاء کو مچھروں کے کاٹنے سے حکومت کی بدنامی ہونے کا خدشہ ہے ،اس کے لئے مچھر کش دھواں چھوڑا جارہا ہے اور بڑے پیمانہ پر مہم کا آغاز کردیاگیا ہے ۔جی ایچ ایم سی کے انٹومولوجی کے ایک افسر نے کہا کہ ہر روز شام اور صبح کے اوقات میں یہ مہم بڑے پیمانہ پر چلائی جارہی ہے ۔اس مہم کے دوران مچھر کش دھواں بھی چھوڑا جارہا ہے ،ساتھ ہی مچھروں کی افزائش کے مقامات کی بھی نشاندہی کرتے ہوئے ان مقامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔گولکنڈہ کے پارکس، شاہ حاتم تالاب،کٹورہ حوض کے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ بالاحصار کے میدان میں اس ڈنر کے انتظامات کئے جائیں گے تاہم ڈنر کے مقام کو ہنوز حتمی شکل نہیں دی گئی ہے ۔اس افسر نے کہا کہ اینٹی لاروا مہم قلعہ گولکنڈہ کے دوکیلومیٹر کے حدود میں جاری ہے ۔اس علاقہ کے تالابوں کے جنگلی جھاڑوں کی صفائی کی جارہی ہے ۔اس مہم میں 300اسٹاف ارکان حصہ لے رہے ہیں۔اس میں جی ایچ ایم سی کے شعبہ انٹامولوجی کے 15سوپر وائزرس ،6اسسٹنٹ انٹامولوجی،چیف انٹامولوجی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صبح 8بجے سے 10بجے اور پھر شام میں 8بجے سے 10بجے تک یہ مہم چلائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 29نومبر تک یہ مہم جاری رہے گی۔مقامی افراد نے کہاکہ گزشتہ چار دنوں سے حکام اس علاقہ میں مچھر کش دھواں چھوڑ رہے ہیں۔اس طرح بڑے پیمانہ پر یہ مہم ماضی میں نہیں چلائی گئی۔انہوں نے کہاکہ غروب آفتاب سے رات تک یہ مچھر کش دھواں چھوڑاجارہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT