Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / بیرون ملک اعلیٰ تعلیم اسکیم پر عمل آوری کا آغاز

بیرون ملک اعلیٰ تعلیم اسکیم پر عمل آوری کا آغاز

پہلی قسط میں 50 طلبہ منتخب ، رقمی منظوری بلز داخل
حیدرآباد۔یکم ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی طلباء کیلئے بیرون ملک یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم کے حصول پر اسکالر شپ سے متعلق اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ اوورسیز اسکالر شپ کے منتخب طلباء کو اسکالر شپ کی پہلی قسط کی اجرائی کا آغاز ہوگیا اور ابھی تک 50 منتخب طلباء کے بلز محکمہ ٹریژری میں داخل کئے گئے ہیں جہاں سے رقم طلباء کے اکاؤنٹ میں جاری کردی جائے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو ہدایت دی تھی کہ وہ پیر سے پہلی قسط کی اجرائی کا آغاز کردیں۔ ایسے طلباء جنہوں نے حلف نامہ روانہ کیا ہے ان کی پہلی قسط کے بلز محکمہ ٹریژری کو روانہ کئے جارہے ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے بھی پہلی قسط کی اجرائی کی توثیق کی اور بتایا کہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کے پاس 11کروڑ سے زائد کی رقم جمع کی گئی ہے تاکہ ضروری اسنادات کی وصولی کے ساتھ ہی پہلی قسط کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام منتخب 210 امیدواروں کو پہلی قسط کی رقم اندرون ایک ہفتہ جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے ایسے طلباء سے خواہش کی جنہوں نے ابھی تک حلف نامہ روانہ نہیں کیا کہ وہ اپنا حلف نامہ محکمہ اقلیتی بہبود کو روانہ کردیں۔ منتخب طلباء سادے کاغذ پر بھی حلف نامہ روانہ کرسکتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت510طلباء نے درخواستیں داخل کی تھیں جن میں 210 کا انتخاب کیا گیا۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ حیدرآباد میں 129طلباء اس اسکیم کیلئے منتخب قرار دیئے گئے لیکن ایک بھی طالب علم کو ابھی تک پہلی قسط جاری نہیں کی گئی۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کا کہنا ہے کہ پہلی قسط کی اجرائی کیلئے انہیں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے تحریری احکامات کا انتظار ہے۔ اسکیم کیلئے مزید 29 طلباء کو مستحق قرار دیا گیا اور انہیں اسکالر شپ کی اجرائی کیلئے ضروری کارروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ اسکالر شپ کی اجرائی میں تاخیر سے طلباء اور اولیائے طلباء میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں روز نامہ ’سیاست‘ کی توجہ دہانی کے بعد سکریٹری اقلیتی بہبود نے تمام ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس کو پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت دی۔

TOPPOPULARRECENT