Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / بیرون ملک اعلی تعلیم کیلئے 280 اقلیتی طلبہ امداد کے مستحق

بیرون ملک اعلی تعلیم کیلئے 280 اقلیتی طلبہ امداد کے مستحق

اسکیم کے دوسرے مرحلہ میں جنوری میں درخواستیں وصول کی جائیں گی : سید عمر جلیل
حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز)اقلیتی طلباء کیلئے بیرونی ملک یونیورسٹیز میں اعلی تعلیم کیلئے حکومت کی امداد سے متعلق اسکیم کے تحت 280 اقلیتی طلباء کو حکومت کی امداد کا مستحق قرار دیا گیا ہے ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے بتایا کہ دو دن قبل سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں 258 درخواستوں کو مستحق قرار دیا گیا تھا لیکن بعد میں مزید درخواستوں کو منظوری دی گئی ۔ انہو ںنے کہا کہ منظورہ درخواستوں کی تعداد 280 تک پہنچ چکی ہے ۔ امیدواروں کو ویزا کی اجرائی اور دیگر شرائط کی تکمیل کے سبب مزید درخواستوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی نے 97 درخواستوں زیر التواء رکھا تھا جو بعض شرائط کی تکمیل سے قاصر تھے تاہم درخواستوں کی دوبارہ جانچ اور طلباء کی جانب سے شرائط کی تکمیل کے سبب مزید درخواستوں کومنظوری دی گئی ہے ۔ دو دن قبل منعقدہ اجلاس میں 97امیدواروں کو ویٹنگ لسٹ میں رکھا گیا تھا جبکہ 158 درخواستوں کو مختلف وجوہات کے سبب مسترد کردیا گیا ۔ سید عمر جلیل نے وضاحت کی مسترد کردہ درخواستوں کے امیدوار اپنے پرفارمنس میں بہتری کے ذریعہ دوبارہ درخواست دینے کے اہل ہوں گے ۔ نشانات کے تناسب میں کمی اور بعض دیگر شرائط کی عدم تکمیل کے سبب ان درخواستوں کو مسترد کیا گیا ۔ یہ طلباء اپنی تعلیمی کارکردگی میں بہتری پیدا کرتے ہوئے جنوری میں دوبارہ درخواستیں پیش کرسکتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ تقریبا 60 امیدوار ایسے تھے جو اسنادات کی جانچ کیلئے عہدیداروں کے پاس رجوع نہیں ہوئے ۔منتخب درخواستوں میں بعض امیدوار ایسے ہیں جو حال ہی میں بیرون ملک روانہ ہوچکے ہیں اور بعض ایسے ہیں جو روانگی کیلئے تیار ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق طلباء کو متعلقہ یونیورسٹی سے رجوع ہونے کے بعد وہاں کا اڈمیشن کارڈ اور بوڈنگ کارڈ محکمہ اقلیتی بہبود کو آن لائن روانہ کرنا ہوگا جس کے بعد انہیں ایک طرف کا فضائی کرایہ اور پانچ لاکھ روپئے کی پہلی قسط جاری کی جائے گی۔ یہ رقم طلباء کے بینک اکاونٹس میں منتقل ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے دوسرے مرحلے میں مزید پانچ لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے اس طرح حکومت 10 لاکھ روپئے امداد فراہم کرر ہی ہے۔ منتخب امیدواروں کی فہرست telanganaepass.cgg.gov.in  پر دیکھی جاسکتی ہے ۔ منتخب طلباء کو بذریعہ ایس ایم ایس بھی اطلاع دی جارہی ہے ۔سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق اس اسکیم کے دوسرے مرحلے میں جنوری میں درخواستیں وصول کی جائیں گی ۔ جن ممالک کی یونیورسٹیز کا اس اسکیم کے تحت احاطہ کیا جائے گا ان میں امریکہ ‘برطانیہ ‘آسٹریلیا ‘کینیڈا اور سنگا پور شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT