Monday , November 20 2017
Home / Top Stories / ’بیف کھانے پر تمہارا سر قلم کردیں گے‘

’بیف کھانے پر تمہارا سر قلم کردیں گے‘

چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کو بی جے پی لیڈر کی کھلے عام دھمکی
شیواموگا (کرناٹک) ۔ 3 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایک مقامی لیڈر نے آج ایک تنازعہ کھڑا کرتے ہوئے چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کو برسر عام گائے کا گوشت کھانے کی صورت میں سر قلم کرنے کی دھمکی دی۔ سابقہ شیواموگا سٹی میونسپل کونسل کے سابق صدر ایس این چنا بسپا نے مقامی پارٹی یونٹ کے احتجاجی پروگرام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ سدا رامیا نے گزشتہ ہفتہ بیف کھانے کے بارے میں تبصرہ کیا تھا ، اس کے خلاف بی جے پی نے آج احتجاج منظم کیا۔ چنا بسپا نے کہا کہ تمہاری ہمت کیسے ہوگی کہ گاؤ ماتا کی گردن پر ہاتھ رکھیں؟ تم کھلے عام آمرانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ گائے کا گوشت کھائیں گے ۔ اگر تم میں اتنی ہمت ہے تو یہاں آؤ اور گوپی سرکل (شیواموگا) پر گائے کا گوشت کھاکر دکھاؤ۔ ہم بھی اس دن تمہارا سر قلم کردیں گے اور اس بارے میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا تم ہندوؤں کے جذبات سے کھیل رہے ہو؟ ایسا بالکل نہ کریں۔ چیف منسٹر سدا رامیا نے بنگلورو میں اسے ایک اشتعال انگیز بیان قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پولیس کو معاملہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دیں گے اور اگر یہ سچ ثابت ہو تو ضروری کارروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT