Thursday , December 13 2018

بیلٹ پیپرس طریقہ کارکے احیاء پر زور

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بیجا استعمال کی عام شکایت : کانگریس
نئی دہلی ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ جدید الیکٹرانک ووٹنگ مشینس کے بجائے مستقبل میں قدیم بیلٹ پیپر کا طریقہ کار ہی دوبارہ اختیار کیا جائے ۔ کانگریس نے اپنے پلینری سیشن میں کہا کہ ایسا (بیلٹ پیپر کا طریقہ کار استعمال )کرنا ضروری ہے کیونکہ عوامی فیصلہ سے متصاد نتائج برآمد کرنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے غلط استعمال کے بارے میں شکوک اور غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں ۔ کانگریس نے بیلٹ پیپر کا قدیم طریقہ کار دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مثال دی کہ انتخابی عمل کی ساکھ و صداقت کی بحالی میں مدد کے لئے تمام بڑی جمہوریتوں کی طرف سے اس کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ پلینری سیشن میں اور اس ضمن میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بیک وقت انتخابات کے لئے بی جے پی کی کوشش ناقابل عمل اور دستور سے غیر ہم آہنگ ہے ۔ کانگریس نے 2019ء کے عام انتخابات میں بی جے پی ۔ آر ایس ایس کو شکست دینے کے لئے تمام ہمخیال جماعتوں کے مابین تعاون اور قابل عمل مشترکہ پروگرام کی تیاری کے لئے دوراندیش پر مبنی انداز فکر اختیار کنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی ملک میں بیک وقت پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کیلئے اصرار کررہے ہیں ۔ ان کا استدلال ہے کہ ایسا کرنے سے وقت اور سرمایہ بچایا جاسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT