Tuesday , December 11 2018

بینکوں، کسٹمرس کے تعلق سے افواہوں کا بازار گرم

ایف آرڈی آئی بل صارفین کا مفاد محفوظ رکھنے حکومت کی سعی : وزیراعظم مودی
نئی دہلی ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت بینک کسٹمرس اور ان کے ڈپازٹس کے مفاد کی حفاظت کیلئے کام کررہی ہے۔ اس طرح انہوں نے مجوزہ ایف آر ڈی آئی بل کے تعلق سے جاری افواہوں کو مسترد کرنے کی کوشش کی۔ مسودہ فینانشیل ریزلیوشن اینڈ ڈپازٹس انشورنس (ایف آر ڈی آئی) بل 2017ء میں بحران سے نکالنے سے متعلق نام نہاد فقرہ کو ماہرین نے بچت کھاتوں کی جمع رقومات کیلئے امکانی خطرہ قرار دیا ہے۔ یہ مسودہ قانون جو اگست میں لوک سبھا میں متعارف کیا گیا تھا، مشترک پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے زیرتنقیح ہے۔ انڈسٹری چیمبر فکی کی 90 ویں سالانہ جنرل میٹنگ سے یہاں خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ حکومت ملک کے بینکنگ سسٹم کو مضبوط کرنے پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آر ڈی آئی کے بارے میں افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ حکومت گاہکوں کے مفاد کو سلامت رکھنے اور ان کے ڈپازٹس کی حفاظت کیلئے مصروف عمل ہے لیکن خبریں اس کے مغائر پھیلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بینکوں اور کسٹمرس کو محفوظ رکھا جائے گا تو ملک کا مفاد بھی سلامت رہے گا اور فکی سے اس طرح کے افواہیں ختم کرنے کیلئے کام کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایف آر ڈی آئی بل مالی اداروں جیسے بینکوں، انشورنس کمپنیوں، نان بینکنگ فینانشیل سرویسیس والی کمپنیوں اور اسٹاک ایکسچینج کو بحران کی صورت میں بکھرنے سے محفوظ رکھنے کیلئے چوکھٹے کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ یہ بل قانون بن جائے تو بینکوں کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جاسکے گا جسے بعض گوشوں نے امدادی مساعی قرار دیا۔ یہ بل مجوزہ ریزلیوشن کارپوریشن کو اختیار دیتا ہیکہ خسارہ والی بینک کو بکھرنے سے بچایا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT