Thursday , December 14 2017
Home / ہندوستان / بینکوں کو متحرک اور مارکٹ مستحکم بنانے کی ضرورت : آر بی آئی

بینکوں کو متحرک اور مارکٹ مستحکم بنانے کی ضرورت : آر بی آئی

ممبئی ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گورنر ریزرو بینک رگھورام راجن نے آج کہا کہ ملک کے بینکنگ نظام کو زیادہ متحرک اور مارکٹس کو مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سنگاپور کے نائب وزیراعظم ہرمن شموگرتنم سے آج یہاں سی آئی آئی کے ایک پروگرام کے دوران ملاقات میں یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اقسام کے نئے بینکس ہر شعبہ میں بہتری کیلئے اپنا رول ادا کررہے ہیں۔ گذشتہ سال آر بی آئی نے اصولی طور پر 11 بینکوں اور 10 چھوٹے فینانس بینکوں کی منظوری دی تھی۔ ان میں سے چند بینکس جاریہ سال کے اواخر یا آئندہ سال کے اوائل میں شروع ہونے والے ہیں۔ جاریہ ہفتہ آر بی آئی نے پہلی دو ماہی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مختلف نوعیت کے بینکنگ لائسنس جاری کرنے کا جائزہ لے رہا ہے۔ گورنر نے موجودہ بینکوں کی گنجائش میں اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بینکوں کی صلاحیتوں میں بہتری لانا نہایت ضروری ہے اور اسی مقصد سے آر بی آئی ضروری اقدامات کرے گا۔ گورنر نے تمام بینکس کیلئے اپنے بیالنس شیٹ کا کام مکمل کرنے مارچ 2017ء تک کی مہلت دی۔ مارکٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ نئے شرکاء اور مختلف اقدامات کے ذریعہ اسے مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT