Wednesday , May 23 2018
Home / ہندوستان / بینک فراڈ : پی این بی چیف سنیل مہتا سے پوچھ گچھ

بینک فراڈ : پی این بی چیف سنیل مہتا سے پوچھ گچھ

ممبئی ؍ نئی دہلی ۔ 7 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سنگین نوعیت کے دھوکہ دہی معاملوں کی تحقیقات کرنے والے ادارے ’ایس ایف آئی او‘ نے آج پی این بی منیجنگ ڈائرکٹر اور سی ای او سنیل مہتا سے اُن کی بینک میں مبینہ طورپر پیش آئے 12,636 کروڑ روپئے کے فراڈ کے سلسلے میں پانچ گھنٹے پوچھ تاچھ کی ۔ یہ معاملہ مبینہ طورپر ہیروں کے تاجرین نیرو مودی اور میہول چوکسی سے متعلق ہے جنھیں اس فراڈ کے بڑے ملزمین بتایا جارہاہے ۔ سنیل مہتا کو یہاں 11 بجے دن دفتر ایس ایف آئی او میں داخل ہوتے اور پھر سہ پہر 4 بجے وہاں سے روانہ ہوتے دیکھا گیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ اُن کا بیان قلمبند کیا گیا ہے ۔ نئی دہلی نشین پی این بی تیسرا بڑا قرض دہندہ بینک ہے جسے لگ بھگ 2 بلین امریکی ڈالر والے فراڈ کے سلسلے میں گزشتہ دو یوم کے دوران پوچھ تاچھ کے لئے طلب کیاگیا ہے ۔ قبل ازیں ایکسیس بینک اور آئی سی آئی سی بینک کے عہدیداران گزشتہ روز اس کیس میں اپنے بیانات قلمبند کراچکے ہیں۔ اس دوران دہلی ہائیکورٹ نے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے نیرو مودی کی فرم ’فائر اسٹار ڈائمنڈ ‘ کی دائر کردہ عرضی پر جواب طلب کیا ہے ۔ جسٹس ایس مرلی دھر اور جسٹس آئی ایس مہتا کی بنچ نے ای ڈی کو اس ضمن میں نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کی اگلی تاریخ 19 مارچ تک جواب دینے کے لئے کہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT