Friday , November 24 2017
Home / ہندوستان / بینک یونینس بھی 2 ستمبر کی ہڑتال میں شامل ہونگی

بینک یونینس بھی 2 ستمبر کی ہڑتال میں شامل ہونگی

ودودرہ 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) تقریبا پانچ لاکھ بینک یونین ورکرس و عہدیدار 2 ستمبر کو ٹریڈ یونینوں کی جانب سے معلنہ ہڑتال میں شامل ہوجائیں گے ۔ یہ ہڑتال ان یونینوں کے مطابق مودی حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں اور لیبر اصلاحات کے خلاف کی جا رہی ہے ۔ آل انڈیا بینک ائمپلائز اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹ چلم نے بتایا کہ بینکنگ صنعت پر کئی حملے ہو رہے ہیں۔ حکومت بھی ایسے اقدامات کر رہی ہے جو عوام مخالف ہیں۔ وہ مختلف سرکاری بینکوں کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے یا پھر اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ملحقہ بینکس کو ضم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ان تمام کاموں کے خلاف احتجاج کرنے ہم 2 ستمبر کو اس ہڑتال میں حصہ لے رہے ہیں جو دوسری لیبر یونینوں کی جانب سے کی جا رہی ہے ۔ 30 مارچ کو تقریبا تمام مرکزی ٹریڈ یونینوں جیسے آئی این ٹی یو سی ‘ اے آئی ٹی یو سی ‘ ایچ ایم ایس ‘ سی آئی ٹی یو ‘ اے آئی یو ٹی یو سی ‘ ٹی یو سی سی اور دوسروں نے اعلان کیا تھا کہ 2 ستمبر کو ایک روزہ ہڑتال مودی حکومت کی یکطرفہ لیبر اصلاحات کے خلاف منعقد کی جائیگی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ مودی حکومت کی پالیسیاں عوام مخالف ہیں۔ آر ایس ایس کی تائید والی بھارتیہ مزدور سنگھ نے تاہم اس ہڑتال سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گذشتہ سال بھی ٹریڈ یونینوں نے 2 ستمبر کو ہڑتال کی تھی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT