Tuesday , December 12 2017
Home / ہندوستان / بین الاقوامی سرحد پر پھر گولیوں کی گھن گرج، 4 شہری زخمی

بین الاقوامی سرحد پر پھر گولیوں کی گھن گرج، 4 شہری زخمی

۔727 سرحدی دیہاتوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی، املاک اور مویشیوں کو بھاری نقصان

جموں22ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے ضلع جموں میں بین الاقوامی سرحد کے ارنیہ، آر ایس پورہ اور رام گڑھ سیکٹروں میں ہند۔ پاک افواج کے مابین گولہ باری کا تبادلہ جمعہ کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا۔ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں 4عام شہری زخمی جبکہ املاک اور مویشیوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ۔ مسلسل گولہ باری کے پیش نظر 727سرحدی دیہاتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد کے ارنیہ، آر ایس پورہ اور رام گڑھ سیکٹروں میں گذشتہ نصف شب کو سرحد پار پاکستانی رینجرز کی جانب سے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کی طرف سے شدید فائرنگ کا سلسلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا۔ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد پر تعینات فوجی اہلکار سرحد پار سے ہونے والی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دے رہے ہیں۔ جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ارنیہ، آر ایس پورہ اور رام گڑھ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں 4عام شہری زخمی، 6مویشی ہلاک جبکہ 34دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ فائرنگ سے 2 رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ پولیس نے مزید کہا کہ گولہ باری کے پیش نظر 727سرحدی دیہات کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT