Wednesday , November 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / بین الاقوامی سیاحوں کی آمد، بنگلور پانچویں مقام پر

بین الاقوامی سیاحوں کی آمد، بنگلور پانچویں مقام پر

بنگلورو۔13؍ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک بھر میں سب سے زیادہ غیر ملکی مسافروں کے سفر کرنے کے معاملے میں بنگلور کے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کو پانچواں مقام ملا ہے۔ دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کو سر فہرست رکھا گیا ہے تو اس کے بعد ممبئی کا چھتر پتی شیواجی ایرپورٹ ، چنئی اور ہریداس پور شامل ہیں۔ کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ میں جہاں سالانہ 6.1 فیصد غیر ملکی مسافر آتے ہیں اسے پانچواں مقام ملا ہے۔ جنوبی ہند کی تمام ریاستوں کرناٹک، آندھرا پردیش، تلنگانہ ، گوا ، کیرلا اور تملناڈو کے مقابل سب سے زیادہ غیر ملکی مسافر بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کا رخ کرتے ہیں۔ ممبئی دہلی سمیت مختلف علاقوں سے جنوبی ہند کا رخ کرنے والے غیر ملکی مسافروں کی بھی پہلی پسند بنگلور قرار پایا ہے۔ بنگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ کی مقبولیت میں اضافہ اس بات سے ظاہر ہوتاہے کہ سال بہ سال یہاں آنے والے مسافروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔دہلی اور ممبئی ایرپورٹ کے بعد سب سے زیادہ مسافر اگر آئے ہیں تو وہ شہر بنگلور ہے۔ اس سے یہ مانا جارہا ہے کہ بنگلور کا کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ جنوبی ہند کیلئے اہم داخلہ ہے۔ اکثر سیاحوں نے بنگلور کا رخ کرنے کے بعد میسور، مرکیرہ ، شیموگہ ، منگلور ، اترکنڑا ، ہمپی ، ہوسپیٹ ، بادامی ، آئی ہولے وغیرہ کا رخ کرنے کے ساتھ ریاست کے مختلف آبی ذخائر کا بھی معائنہ کیا ہے۔ ساتھ ہی ان لوگوں نے کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر ہمہ قسم کی سہولیات بھی استعمال کی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT