Friday , December 15 2017
Home / جرائم و حادثات / بیویوں سے جھگڑوں کے بعد شوہروں کی خودکشی

بیویوں سے جھگڑوں کے بعد شوہروں کی خودکشی

حیدرآباد 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) میاں بیوی کے جھگڑوں میں اکثر بیوی کی خودکشی کے واقعات پیش آتے ہیں۔ تاہم اب شوہروں کی خودکشی کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ ایسے ہی تین علیحدہ واقعات جس میں تین افراد نے اپنی بیوی سے جھگڑے کے بعد خودکشی کرلی۔ پرانے شہر کے علاقوں بھوانی نگر کے علاوہ کوکٹ پلی اور دبیرپورہ میں پیش آئے۔ بھوانی نگر پولیس کے مطابق 25 سالہ غلام عامر خاں جو پیشہ سے ڈرائیور تھا، تالاب کٹہ علاقہ کے ساکن غلام محبوب خان کا بیٹا تھا۔ عامر خان کا اس کی بیوی سے جھگڑا چل رہا تھا۔ جھگڑوں اور گھریلو تنازعات سے تنگ آکر عامر خان کی بیوی مائیکے چلی گئی۔ اس شخص کا سسرال نشیمن نگر میں بتایا گیا ہے۔ غلام عامر خان اپنی بیوی کو مائیکے سے اپنے گھر لانے کے لئے 2 ڈسمبر کو سسرالی مکان گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس شخص کی بیوی نے مائیکے سے سسرال آنے سے انکار کردیا جس سے دلبرداشتہ ہوکر غلام عامر خان نے خودسوزی کرلی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا۔ دبیرپورہ پولیس مطابق 26 سالہ غوث جو پٹیل نگر بنڈلہ گوڑہ علاقہ کے ساکن شیخ عثمان کا بیٹا تھا، یہ شخص پیشہ سے پینٹر تھا۔ 7 ڈسمبر کے دن اس نے خودسوزی کرلی جو آج فوت ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شیخ غوث نے جس وقت خودسوزی کی اس کے مکان میں کوئی اور موجود نہیں تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق شیخ عثمان نشے کا عادی تھا اور آئے دن بیوی سے جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ اس کی بیوی روزانہ کے جھگڑوں سے تنگ آکر مائیکے چلی گئی تھی۔ اس خاتون کا مائیکہ اور سسرالی مکان دبیرپورہ حدود میں ہیں۔ بیوی کے مائیکے چلے جانے سے پریشان شیخ غوث نے اسے واپس لانے کیلئے سسرالی مکان پہونچا تاہم اس کی بیوی ہاجرہ بیگم نے شوہر کے ساتھ چلنے سے انکار کردیا جس سے دلبرداشتہ غوث نے خودسوزی کرلی۔ جس کی علاج کے دوران موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق 29 سالہ گریش بابو جو پیشہ سے خانگی ملازم تھا کے پی ایچ بی علاقہ کے ساکن سدھاکر کا بیٹا تھا، دیڑھ سال قبل اس شخص کی شادی ہوئی تھی۔ گزشتہ چند روز سے میاں بیوی میں جھگڑے چل رہے تھے اور بیوی اِن جھگڑوں سے تنگ آکر مائیکے چلی گئی تھی۔ بابو اپنی بیوی کو مائیکے سے لانے گیا تھا لیکن خاتون نے شوہر کے ساتھ گھر آنے سے صاف طور پر انکار کردیا جس سے دلبرداشتہ ہوکر گریش بابو نے خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ متوفی شخص گھریلو تنازعات سے تنگ آکر بیوی کی خواہش پر اپنے والدین سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور بیوی کے ہمراہ والدین سے دور رہنے لگا تھا۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT