Tuesday , April 24 2018
Home / شہر کی خبریں / بیویوں کے ظلم کا شکار شوہروں کی شکایتوں میں اضافہ

بیویوں کے ظلم کا شکار شوہروں کی شکایتوں میں اضافہ

خواتین کی ہراسانی پر متعدد شکایتیں فرضی، این راجکماری چیرمین ویمن کمیشن کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 نومبر (سیاست نیوز) صدرنشین ویمن کمیشن این راجکماری نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بیویوں کے ستائے ہوئے مردوں کی شکایتیں زیادہ وصول ہورہی ہیں۔ اسمبلی میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین ویمن کمیشن آندھراپردیش نے کہا کہ گھریلو تشدد سے متعلق خواتین سے وصول ہونے والی شکایتوں میں چند شکایتیں فرضی بھی ہیں۔ کئی مرد حضرات بیویوں کی ہراسانی کا شکار ہیں۔ ہم سے شکایتیں کررہے ہیں اور ویمن کمیشن سے انصاف طلب کررہے ہیں۔ وہ ویمن کمیشن کی صدرنشین ہیں لہٰذا خواتین کے خلاف مردوں سے شکایتیں وصول کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کرانے کا انہیں اختیار نہیں ہے۔ ہم جن مردوں کے درخواستوں کو مسترد کررہے ہیں وہ دوبارہ اپنی ماں اور بہنوں کی طرف سے شکایتیں کرارہے ہیں۔ ایسی شکایتوں کو قبول کرتے ہوئے قواعد کے مطابق تحقیقات کرائی جارہی ہیں۔ حال ہی میں ایک خاتون ویمن کمیشن سے رجوع ہوکر اپنے شوہر کے خلاف مارپیٹ کی شکایت درج کرائی اور ثبوت کے طور پر اپنے ہاتھوں کے زخم بتائے۔ کمیشن کی تحقیقات میں پتہ چلا ہیکہ وہ زخم خاتون نے خود چوڑیاں توڑتے ہوئے کئے تھے لیکن خاتون نے اس کا سارا الزام اپنے شوہر پر عائد کردیا۔ تحقیقات میں اس بات کا بھی پتہ چلا ہیکہ بیٹی نے اپنی ماں کے چوڑیاں توڑتے ہوئے زخم پہنچائی تھی۔ ایک اور خاتون نے اپنے این آر آئی شوہر کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد شوہر کو گرفتار کرتے ہوئے جیل روانہ کیا گیا تھا۔ بعدازاں گہرائی سے تحقیقات کرنے پر پتہ چلا کہ سارا قصور اس کی شریک حیات کا ہے۔

TOPPOPULARRECENT