Thursday , December 13 2018

بیوی کے خلاف شوہر کی درخواست طلاق مسترد

ممبئی ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے ایک شخص کی درخواست کو مسترد کردیا جس کے ذریعہ اس نے اپنی بیوی سے محض اس بنیاد پر طلاق طلب کی تھی وہ فرض شناس نہیں ہے کیونکہ دیر سے جاگتی ہے اور اس کے لئے لذیذ غذائیں نہیں پکاسکتی۔ جسٹس کے کے ٹائیڈ اور جسٹس سارنگ کوتوال پر مشتمل ایک بنچ نے فیملی کورٹ کے اس حکم کو جائز قرار دیا جس میں سانتاکروز ممبئی کے ساکن کی طرف سے دائر کردہ درخواست کو یہ کہتے ہوئے خارج کردیا گیا تھا کہ بیوی پر عائد الزامات ظلم یا بے رحمی کے زمرہ میں نہیں آتے چنانچہ یہ (الزامات) طلاق کی بنیاد نہیں بن سکتے۔ بنچ نے اس تاثر کا اظہار بھی کیا کہ درخواست گذار کی بیوی ایک ملازمت پیشہ خاتون بھی ہے اور اس طرح شوہر اور اس کے والدین کے لئے غذاؤں کا پکوان سودا سلف کی خریدی اور ماباقی سارا گھریلو کام کاج کا زائد بوجھ بیوی پر ہی عائد ہورہا ہے۔ چنانچہ درخواست گذار شوہر کی طرف سے عائد کردہ الزامات کو طلاق کی بنیاد کے طور پر قبول نہیں کیا جاسکتا وہ لذیذ ذائقہ دار غذائیں نہیں پکاتی اور یہ کہ وہ (بیوی) فرض شناس نہیں ہے۔

TOPPOPULARRECENT