Monday , June 25 2018
Home / کھیل کی خبریں / بیٹنگ پھر ناکام، پاکستان کو پہلے ٹی20 میں بھی شکست

بیٹنگ پھر ناکام، پاکستان کو پہلے ٹی20 میں بھی شکست

 

ویلنگٹن۔22 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور بیٹسمینوں کی ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کے سبب نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور میزبان بولروں نے یہ فیصلہ درست ثابت کر دکھایا۔ایک موقع پر پاکستانی ٹیم 38 رنز پر چھ کھلاڑیوں سے محروم ہو چکی تھی اور جب 53 کے اسکور پر فہیم اشرف کی شکل میں ساتویں وکٹ گری تو ایسا محسوس ہونے لگا کہ شاید ٹیم ٹوئنٹی20 میں اپنے سب سے کم اسکور 74 رنز کا ریکارڈ توڑ ڈالے گی تاہم حسن علی نے چند بہترین اسٹروکس کے ذریعہ ٹیم کو اس خفت سے بچا لیا۔ ٹیم کے 9 کھلاڑی دہرے ہندسے کوعبورنہ کرسکے اور پاکستان کی جانب سے کامیاب بیٹسمین بابر اعظم رہے جنہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 41 رنز بنائے جبکہ حسن علی نے جارحانہ طریقے سے کھیلتے ہوئے 3 چھکوں کی مدد سے 23 رنز اسکور کیے۔کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل نے فی کس9 رنز بنائے جبکہ، محمد نواز اور فہیم اشرف فی کس7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔پاکستان کی پوری ٹیم 20ویں اوور کی چوتھی گیند پر 105 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی اور سیتھ رینز نے فی کس تین، مچل سینٹنر نے 2 جبکہ اناروکچن اور کولن منرو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو رومان رئیس نے مارٹن گپٹل اور فلپس کو جلد پویلین لوٹا کر میزبان ٹیم کو آٹھ رنز پر دو وکٹوں سے محروم کر کے پاکستان کو میچ میں واپسی کا موقع فراہم کیا لیکن ناقص فیلڈنگ نے ٹیم سے یہ موقع چھین لیا۔کولن منرو اور ٹم بروس نے اننگز کو آگے بڑھانا شروع کیا اور جلد ہی پاکستان کو منرو کو آؤٹ کرنے کا موقع ملا لیکن عمر امین کیچ تھامنے میں ناکام رہے اور پاکستان نے میچ میں واپسی کا نادر موقع گنوا دیا۔بروس اور منرو نے دوسری وکٹ کیلئے 49 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا، بروس 26 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی وکٹ بنے۔منرو نے روایتی انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور روس ٹیلر کے ساتھ مل کر 25 گیندوں قبل ہی اپنی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر میچ میں سات وکٹ سے فتح دلا دی، منرو نے 49 اور روس ٹیلر نے 22 رنز بنائے۔اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔خیال رہے کہ اس قبل پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ونڈے سیریز میں بھی 0-5 وائٹ واش ہوچکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT