Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / بیٹے کی زندگی بچانے ماں باپ نے سب کچھ بیچ دیا

بیٹے کی زندگی بچانے ماں باپ نے سب کچھ بیچ دیا

۔ 13 سالہ لڑکے کے علاج و معالجہ کے لیے مالی مدد کی اپیل
سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے بھی مدد
ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کے جذبہ خیر سگالی کی ستائش
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جب کسی ماں باپ کا نوجوان بیٹا حادثہ کا شکار ہو کر معذور ہوجاتا ہے اس کے جسم کا ایک حصہ مفلوج ہوجاتا ہے اور وہ بستر پر سے اُٹھ نہیں پاتا تو ان ( ماں باپ ) کا کیا حال ہوتا ہوگا ۔ یہ تصور کر کے ہی دل کانپ جاتا ہے ۔ ماں باپ کی تڑپ اور ان کی آنکھوں سے مسلسل بہتے ہوئے آنسوؤں کو دیکھ کر دوسروں کی آنکھوں سے بھی آنسو رواں ہوجاتے ہیں ۔ قارئین … آج ہم غریب آٹو ڈرائیور سید احمد اور ان کی اہلیہ سیدہ قمر النساء کی المناک داستان پیش کررہے ہیں ۔ اس جوڑے کو 5 بچے ( تین بیٹیاں اور دو بیٹے ) ہیں ۔ گذشتہ سال ان کا 13 سالہ لڑکا سید حامد ایک خطرناک سڑک حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے بعد اس کا سیدھا ہاتھ کاٹ دیا گیا ۔ جب کہ سیدھے پیر کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں اس پیر میں ڈاکٹروں نے راڈس ڈالے ہیں ۔ اس حادثہ میں سید احمد کے کولہے کا گوشت نکل گیا تھا اس کی پلاسٹک سرجری کی گئی ۔ اس لڑکے کا عثمانیہ جنرل ہاسپٹل ، نمس ، گاندھی ہاسپٹل اور آکارآشا ہاسپٹل کوکٹ پلی میں علاج کیا گیا ۔ سید احمد کے مطابق انہوں نے بیٹے کے علاج کے لیے اپنا ذاتی آٹو ، بیوی کے زیورات یہاں تک کہ گھر کا سامان بھی فروخت کردیا ۔ ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کے ٹرسٹی مجتبیٰ حسن عسکری کی خصوصی دلچسپی کے باعث آکارآشا ہاسپٹل میں ان کے فرزند کا علاج ممکن ہوسکا ۔ اس فاونڈیشن نے سید حامد کے علاج پر 3.20 لاکھ روپئے خرچ کئے ۔ اب اس معاملہ میں مدد کے لیے سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ آگے بِڑھے ہیں ۔ فیض عام ٹرسٹ نے 2 تا 2.5 لاکھ قرض کے بوجھ تلے دبے سید احمد کے گھر کا لائٹ کا بقایہ بل ادا کیا اور پھر ایک مہینے کا راشن دلایا ۔ اب اس لڑکے کے لیے خصوصی بیڈ اور وہیل چیر سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ خریدیں گے ۔ جب کہ فیض عام ٹرسٹ نے سید احمد کے دیگر چار بچوں کی تعلیمی ذمہ داری بھی لی ہے ۔ سید احمد کے مطابق سید حامد جو مدرسہ میں زیر تعلیم تھے پچھلے 7 ماہ سے بستر پر ہیں ۔ ان کے علاج کے لیے مزید 2 تا تین لاکھ روپئے کے مصارف آرہے ہیں ۔ سید احمد اور ان کی اہلیہ نے ان کی مدد دلجوئی اور حوصلہ افزائی کے لیے سیاست ملت فنڈ فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قارئین سیاست سے بھی اپیل کی کہ وہ مالی مدد و عطیات کے ذریعہ ان کے بیٹے کی زندگی بچانے میں تعاون کریں ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اللہ تعالی سے امید ہے کہ وہ پریشان حال ماں باپ کی ضرور مدد کرے گا ۔ سید حامد کے علاج و معالجہ میں مدد کرنے والے اس اکاونٹ پر رقم جمع کرسکتے ہیں ۔۔
Syed Ahmed
A/C. No. 36288598742
Branch Code: 3026
IFSC – SBIN0003026
SBI Chandrayangutta, Hyd.

TOPPOPULARRECENT